سندھ میں دارالامان اپ گریڈ ، 115 ڈے کیئر سینٹر بنانے کا فیصلہ
کراچی:(دنیا نیوز) سندھ حکومت نے صوبے میں قائم تمام دارالامان کو اپ گریڈ کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
چیف سیکرٹری سندھ آصف حیدر شاہ کی زیر صدارت محکمہ ترقی نسواں کا اہم اجلاس ہوا، اجلاس میں صوبے میں ورکنگ ویمن کی سہولت کے لئے 115 ڈے کیئر سینٹر بنانے کا بھی فیصلہ ہوا۔
اجلاس میں صوبائی وزیر برائے ترقی نسواں شاہینہ شیر علی سمیت محکمہ کے افسران شریک ہوئے، اجلاس میں محکمہ ترقی نسواں کے ترقیاتی منصوبوں پر آگاہی دی گئی۔
صوبائی وزیر شاہینہ شیر علی نے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عورتوں کو تحفظ کے ساتھ روزگار کے مواقع فراہم کرنے پر بھی کام کر رہے ہیں، محکمہ ترقی نسواں کے 954 ملین روپے کے 8 منصوبے زیر تعمیر ہیں، ہنرمند عورتوں کی مدد کے لئے محکمہ ترقی نسواں کو فنڈز فراہم کیے جائیں گے۔
چیف سیکرٹری سندھ آصف حیدر شاہ نے اجلاس میں یقین دہانی کرائی کہ صوبے کے دارالامان میں بچوں کے لئے پلے ایریا، ٹیوٹر فراہم کیے جائیں گے، صوبے میں ورکنگ ویمن کی سہولت کے لئے 115 ڈے کیئر سینٹر بنیں گے۔
پہلے مرحلے میں سرکاری اداروں اور جامعات میں سے ڈے کیئر سینٹر بنائے جائیں گے، محکمہ ترقی نسواں کے ترقیاتی منصوبوں میں تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔