وزیراعظم ڈی 8 ممالک کے اجلاس میں شرکت کیلئے18دسمبر کو مصر جائیں گے

اسلام آباد:(دنیا نیوز) وزیراعظم محمد شہباز شریف تین روزہ دورے پر 18 دسمبر کو مصر جائیں گے۔

 وزیراعظم کے ترجمان کے مطابق شہبازشریف قاہرہ میں منعقد ہونے والے ڈی 8 ممالک کے 11 ویں سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے جبکہ وزیر خارجہ اسحاق ڈار 18 دسمبر کو ڈی 8 وزراء کونسل کے 21 ویں اجلاس میں شریک ہوں گے۔

ترجمان نے بتایا کہ سمٹ کا تھیم نوجوانوں پر سرمایہ کاری کرنا اور ایس ایم ایز کو سپورٹ کرنا ہے، وزیراعظم ڈی ایٹ کے نظریات کے لئے پاکستان کے مضبوط عزم کا اظہار کریں گے،  نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور مالیاتی ترقی کے لئے پاکستان کی ترغیبات پر بھی روشنی ڈالیں گے۔

وزیر اعظم کے ترجمان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف ڈی 8 کے خصوصی اجلاس برائے انسانی کرائسزز میں بھی شرکت ہوں گے اور مشرق وسطیٰ میں اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں پیدا ہونے والی صورتحال پر غور کریں گے۔

اسی طرح محمد شہباز شریف فلسطین کی صورتحال پر پاکستان کا اصولی موقف پیش کریں گے اورمشرق وسطیٰ میں قیام امن پر زور دیں گے۔

خیال رہے سربراہی اجلاس کے موقع پر وزیراعظم کی شرکت کرنے والے رہنماؤں سے دو طرفہ ملاقاتیں متوقع ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں