پنجاب: سی ٹی ڈی کے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز ، 16 دہشتگرد گرفتار
لاہور: (دنیا نیوز) کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے خفیہ انٹیلی جنس کی بنیاد پر کارروائیاں کرتے ہوئے 16 دہشتگرد گرفتار کرلیے۔
سی ٹی ڈی ترجمان کے مطابق دہشت گردی کے خدشات کے پیش نظر سی ٹی ڈی نے پنجاب کے مختلف شہروں میں 118 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیےجن کے دوران 16 دہشت گرد گرفتار کیے، کارروائیاں لاہور، بہاولپور، منڈی بہاؤالدین، میانوالی، ٹوبہ ٹیک سنگھ، رحیم یار خان، چنیوٹ اور وہاڑی میں کی گئیں۔
ترجمان نے بتایا کہ لاہور سے فتنہ الخوارج کا ایک خطرناک دہشت گرد عمر اسلحہ اور باروی مواد سمیت گرفتار کیا گیا ، دہشت گرد کا تعلق شمالی وزیرستان سے ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں سے دھماکہ خیز مواد، ایک آئی ای ڈی بم، 3 ڈیٹونیٹرز، 12 فٹ حفاظتی فیوز تار، پمفلٹ اور نقدی برآمد کی گئی ، دہشت گردوں کی شناخت طفیل، صدیق، شبیر الحق، محمد ابراہیم، عبدالرشید، عمر ، صدام حسین، وقار مرتضٰی اور عدنان وغیرہ کے نام سے ہوئی۔
حکام کے مطابق دہشت گرد مختلف مقامات پر کارروائیاں کر کے عوام میں خوف و ہراس پھیلانا چاہتے تھے، رواں ہفتے میں 4 ہزار 480 کومبنگ آپریشنز کے دوران431 مشتبہ افراد گرفتار کیے گئے، سی ٹی ڈی محفوظ پنجاب کے ہدف پر عمل پیرا ہے، دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے پرعزم ہیں۔