پاکستان میں صنعتی ترقی منجمد ہوچکی ہے: مشیر خزانہ خیبرپختونخوا

پشاور: (دنیا نیوز) مشیر خزانہ خیبرپختونخوا مزمل اسلم نے کہا ہے کہ پاکستان میں صنعتی ترقی منجمد ہوچکی ہے۔

ملک کی صنعتی ترقی بارے بیان دیتے ہوئے مزمل اسلم کا کہنا تھا کہ 2022 کے بعد صنعتی حالات کا پتہ خود حکومت کے جاری اعداد وشمار سے لگایا جا سکتا ہے، ادارہ شماریات پاکستان کے جاری ڈیٹا کے مطابق اکتوبر میں صنعتی ترقی کی رفتار 0.2 فیصد رہی۔

انہوں نے کہا کہ رواں سال کے پہلے چار ماہ میں 0.6 فیصد صنعتی ترقی رہی، قیامت کی نشانی دیکھئے اس ترقی کو حکومت معاشی بحالی سے تشبیہ دے رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان حکومت کے خاتمے کے وقت ملک میں صنعتی ترقی 12 فیصد کی رفتار سے چل رہی تھی، اُس وقت برآمدات دوڑ رہی تھی اور روزگار عروج پر تھا، اس وقت ملک میں معیشت کا پہیہ بالکل جام ہے، بے روزگاری انتہا پر ہے اور لوگ ملک چھوڑنے پر مجبور ہیں۔

صوبائی مشیر خزانہ نے مزید کہا کہ موجودہ بجلی اور گیس کا کم استعمال اس چیز کی نشاندہی کر رہی ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں