دمشق حملے میں حزب اللہ رہنما حسن نصراللہ کا داماد شہید : رپورٹ

دمشق : (ویب ڈیسک ) دمشق کے وسطی علاقے المزہ میں ہونے والے زور دار دھماکے میں حزب اللہ کے مقتول سربراہ حسن نصر اللہ کا داماد حسن جعفر قصیر شہید ہوگیا۔

عرب میڈیا ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ بدھ کی صبح شام کے دار الحکومت دمشق کے وسطی علاقے المزہ میں ہونے والے زور دار دھماکے میں حزب اللہ کے مقتول سربراہ حسن نصر اللہ کا داماد حسن جعفر قصیر جان کی بازی ہارگئے ،حسن جعفر اپنی موت سے پہلے ہی شام پہنچے تھے۔

حسن جعفر قصیر حزب اللہ کے ایک کمانڈر محمد جعفر قصیر کا بھائی ہے جو منگل کو ایک فضائی حملے میں جاں بحق ہوگیا تھا ، اسرائیل کا کہنا ہے کہ وہ حزب اللہ میں "یونٹ 4400" کا کمانڈر تھا۔

اسرائیلی فوج کے مطابق مذکورہ یونٹ ایران اور اس کے ایجنٹوں سے حربی وسائل حزب اللہ تک منتقل کرنے کا ذمے دار ہے، محمد حسن جعفر حزب اللہ کا ایک اہم کمانڈر اور تہران سے قریب تھا۔

اس سے قبل شام کے سرکاری ٹی وی نے اعلان کیا تھا کہ اسرائیل نے دمشق میں ایک رہائشی عمارت پر بم باری کی جس کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق اور 3 زخمی ہو گئے۔

اگرچہ شامی حکومت ہمیشہ تصدیق کرتی ہے کہ یہ اسرائیلی حملے ہیں تاہم تل ابیب حکام اس طرح کے حملوں پر شاذ و نادر ہی تبصرہ کرتے ہیں۔

واضح رہے کہ المزہ کا علاقہ دمشق کے مغربی حصے میں ہے، اس علاقے میں کئی سکیورٹی اور فوجی مراکز کے علاوہ اہم فلسطینی اور ایرانی رہنماؤں کے ہیڈ کوارٹر اور رہائش گاہیں اور متعدد سفارت خانے اور اقوام متحدہ کی ذیلی تنظیموں کے دفاتر بھی واقع ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں