سٹاک ایکسچینج میں نئے آئیڈیاز کے ساتھ کام کر رہے ہیں: ڈاکٹر شمشاد اختر

کراچی: (دنیا نیوز) چیئرپرسن پاکستان سٹاک ایکسچینج ڈاکٹر شمشاد اختر نے کہا ہے کہ سٹاک ایکسچینج میں نئے آئیڈیاز کے ساتھ کام کر رہے ہیں، ہمیں ڈیجیٹائزیشن کی طرف جانا ہوگا۔

پاکستان سٹاک ایکسچینج میں گونگ تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں کراچی میں تعینات امریکی قونصل جنرل اسکاٹ اربوم نے شرکت کی، پاکستان سٹاک ایکسچینج کی چیئرپرسن ڈاکٹر شمشاد اختر نے انکا استقبال کیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹرشمشاد اخترکا کہنا تھا کہ ہم سٹاک ایکسچینج میں نئےآئیڈیاز کے ساتھ کام کر رہے ہیں، یہاں شریعہ کمپلائنز کا کام شروع کر دیا ہے، ایکسچینج ٹریڈ فنڈز کا قیام کیا گیا جس کا مثبت اثر مارکیٹ میں دیکھا جا رہا ہے، اس کی وجہ سے مارکیٹ میں کیپٹل اور سرمایہ کاری میں بہتری آئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں ڈیجیٹائزیشن کی طرف جانا ہوگا، پاکستان سٹاک ایکسچینج نے بہت سی چیزیں متعارف کرائی ہیں، نئے سرمایہ کاروں کیلئے بہت سے مواقع پیدا کئے جا رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان سٹاک مارکیٹ میں ریٹیلرز اور سرمایہ کاروں کو سہولیات میسر ہیں، کراچی سٹاک ایکسچینج نے حالیہ دنوں میں تاریخ کی بلند ترین سطح عبورکی، آئی ایم ایف پروگرام کی وجہ سے ملکی معیشت استحکام کی جانب گامزن ہے، زرمبادلہ ذخائر میں اضافہ ہوا ہے۔

ڈاکٹر شمشاد اختر نے مزید کہا کہ سینٹرل بینک کا بھی ملکی استحکام میں اہم کردار رہا، پاکستان سٹاک ایکسچینج امپورٹر اور ایکسپورٹرز کو مواقع فراہم کر رہی ہے، سرمایہ کاروں میں اعتماد بحال ہو رہا ہے۔

امریکا اور پاکستان معاشی معاملات میں دوست ممالک ہیں: امریکی قونصل جنرل

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امریکا کے قونصل جنرل اسکاٹ اربوم کا کہنا تھا کہ امریکا اور پاکستان معاشی معاملات میں دوست ممالک ہیں، ایکسپورٹ کے حوالے سے بھی پاکستان امریکا کا ساتھی رہا ہے۔

اسکاٹ اربوم نے کہاکہ ایکسچینج پروگرام سمیت ہیلتھ کیئر، انفارمیشن ٹیکنالوجی میں امریکا پاکستان کے ساتھ کام کر رہا ہے جو دونوں ممالک کے باہمی اشتراک کا سبب بنا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں