سعودی گیمز 2024 کا تیسرا ایڈیشن آج سے شروع ہوگا

ریاض:(ویب ڈیسک) سعودی عرب کے شہر ریاض میں سعودی گیمز 2024 کا تیسرا ایڈیشن 3 اکتوبر سے 17 اکتوبر تک منعقد ہوگا۔

یہ مقابلے دارالحکومت ریاض میں ہوں گے، جہاں ایتھلیٹس 52 انفرادی اور اجتماعی کھیلوں میں حصہ لیں گے، جبکہ مقابلوں میں 7 پیرالمپک کھیل، 10 نمائشیں اور 15 نوجوانوں کے کھیل شامل ہوں گے۔

سعودی وزیر کھیل اور سعودی اولمپک و پیرالمپک کمیٹی کے صدر شہزادہ عبدالعزیز بن ترکی بن فیصل نے شاہ سلمان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ اس ایونٹ کی سرپرستی قیادت کی کھیلوں کے شعبے میں گہری دلچسپی اور سخاوت کو ظاہر کرتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ ایونٹ سعودی عرب کے کھیلوں کو فروغ دینے اور ایتھلیٹس کو بین الاقوامی سطح پر نمایاں کرنے کے لیے ایک اہم قدم ہے۔

 شہزادہ عبدالعزیز بن ترکی بن فیصل نے مزید کہا کہ سعودی گیمز کا مسلسل تیسری بار انعقاد کھیلوں کو مقامی اور عالمی سطح پر بلند مقام دلانے کی کوششوں کا حصہ ہے، اور ان مقابلوں کا مقصد ایسے کھلاڑی تیار کرنا ہے جو سعودی عرب کا نام بین الاقوامی سطح پر روشن کریں۔

یاد رہے سعودی گیمز تاریخ کا سب سے بڑا قومی کھیلوں کا ایونٹ ہے جس میں کھلاڑی 200 ملین ریال سے زیادہ کے انعامات کے لیے مقابلہ کریں گے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں