الیکشن کمیشن نوٹیفکیشن دیکرکہتا ہے دوبارہ گنتی کرو:سپریم کورٹ

الیکشن کمیشن نوٹیفکیشن دیکرکہتا ہے دوبارہ گنتی کرو:سپریم کورٹ

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)سپریم کورٹ نے کرم ایجنسی کے حلقہ این اے 37 میں پیپلز پارٹی کے ساجد طوری اور الیکشن کمیشن کی ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی درخواستیں واپس لینے پر مسترد کردیں اورایم ڈبلیو ایم کے حمید حسینی کی کامیابی کا نوٹی فکیشن برقرار رکھا۔پی کے 99 بنوں اور پی کے 78 پشاور میں بھی دوبارہ گنتی کی درخواستیں خارج کردی گئیں۔

چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے درخواستوں کی سماعت کی۔چیف جسٹس نے کہا الیکشن کمیشن اس میں کیوں فریق بن رہا ہے ؟ امیدواروں کو آپس میں لڑنے دے ، الیکشن کمیشن کیوں اپنی ساکھ خراب کررہا ہے ؟ کیا عدالت الیکشن کمیشن کے خلاف سخت احکامات جاری کرے ؟الیکشن کمیشن کے وکیل نے کہا ہائی کورٹ نے الیکشن کمیشن کے دوبارہ گنتی کے اختیار پر قدغن لگائی ہے ، چیف جسٹس نے کہا نتائج مرتب ہونے کے بعد الیکشن کمیشن کا اختیار ختم ہوجاتا ہے ، الیکشن کمیشن پہلے کامیابی کے نوٹیفکیشن جاری کرتا ہے پھر کہتا ہے گنتی دوبارہ کرو، اگر درخواستیں زیر التوا تھیں تو کامیابی کے نوٹیفکیشن ہی کیوں جاری کئے ، نوٹیفکیشن کسی عدالتی حکم پر ہوتے تو بات اور تھی۔ چیف جسٹس نے کہا کہ نوٹیفکیشن جاری ہوچکے اب الیکشن ٹربیونل سے رجوع کریں ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں