غزہ پر اسرائیلی جارحیت کا سال مکمل ہونے پر ملک گیر مظاہرے، ریلیاں : طلبہ کا ملین مارچ

غزہ پر اسرائیلی جارحیت کا سال مکمل ہونے پر ملک گیر مظاہرے، ریلیاں : طلبہ کا ملین مارچ

لاہور،اسلام آباد، کراچی(سیاسی نمائندہ، ایجوکیشن رپورٹر،سپیشل رپورٹر ،کورٹ رپورٹر)غزہ پر اسرائیل کی وحشیانہ بمباری کا سال مکمل ہونے پرفلسطینیوں کی حمایت اور صیہونی ریاست کیخلاف ملک بھرمیں احتجاجی مظاہرے ، ریلیاں نکالی گئیں۔

امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کی اپیل پر لاہور میں 200 مقامات سمیت چھوٹے بڑے شہروں میں دن 12 بجے لوگ سڑکوں پر نکل آئے ، مظلوم فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیا ،ظلم و بربریت پراسرائیل کیخلاف نعرے بازی کی ۔ اسلامی جمعیت طلبہ لاہور کا "سٹوڈنٹس غزہ ملین مارچ"، پیپلز پارٹی،مرکزی مسلم لیگ اور وکلا نے بھی ریلیاں نکالیں ۔ جماعت اسلامی کے زیراہتمام حافظ نعیم الرحمن نے اسلام آباد میں غزہ مارچ کی قیادت کی اور خطاب میں کہا حکومت نے ہماری درخواست پر آل پارٹیز کانفرنس بلائی ،ہمارا وفد شریک ہوا۔ اسرائیلی دہشتگردی میں ہر روز اضافہ ہو رہا ہے ۔ امریکا مسلسل اسرائیل کو مالی و عسکری امداد پہنچا رہا ہے ۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا فلسطین پر اسلامی ممالک کی سربراہی کانفرنس بلائی جائے ۔ دنیا اس وقت عالمی جنگ کے دہانے پر ہے ایران کو اس میں گھسیٹا جا رہا ہے اور لبنان پر بھی لشکر کشی کر دی گئی ہے ۔ یہ سب مسلم ممالک کو عالمی جنگ میں دھکیلنے کا منصوبہ ہے ،شیعہ سنی کی تفریق کے بغیر امت کو متحد ہونا ہوگا۔ مسلم حکمران سب کو متحد کرنے کیلئے کردار ادا کریں۔ نائب امیر جماعت میاں اسلم، امیر جماعت اسلامی اسلام آباد نصراللہ رندھاوا اور کاشف چودھری نے بھی خطاب کیا۔

لاہورمیں مظاہروں کی قیادت امیر جماعت اسلامی ضیا الدین انصاری ،سیکرٹری لاہور خالد بٹ ودیگرقائدین نے کی ۔ غزہ کیلئے فنڈ ریزنگ بھی کی گئی۔مظاہرین نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ غزہ میں جنگ بندی کے لیے کردار ادا کرے ۔ناحق قتل عام بند کیا جائے گا اور راہداری کو کھولا جائے تاکہ اشیائے ضروریہ پہنچائی جاسکیں۔امیر جماعت اسلامی پنجاب جاوید قصوری نے خطاب میں کہا یو این او کے اجلاس میں اسرائیل نے نقشہ پیش کیا اور نیل سے فراط تک گریٹر اسرائیل بنانے کا اعلان کیا ہے ۔یہ اقدام دنیا کو تیسری عالمی جنگ کی طرف دھکیل دے گا، عالمی برادری اسرائیل کا مکمل بائیکاٹ کرے اور بے گناہوں کی شہادت پر انصاف کے کٹہرے میں لائے ۔ اسلامی جمعیت طلبہ لاہور کے زیر اہتمام سٹوڈنٹس غزہ ملین مارچ میں ہزاروں طلبہ نے شرکت کی جوپی ایم جی چوک سے شروع ہو کر پنجاب اسمبلی پر اختتام پذیر ہوا، قیادت ناظم حافظ ساجد محمود نے کی ۔ ناظم اعلیٰ حسن بلال ہاشمی ، امیر جماعت اسلامی لاہور ضیا الدین انصاری اور قیصر راجہ موٹیویشنل سپیکر نے خطاب میں کہاپوری اُمّت مسلمہ جاگ چکی ہے لیکن ہمارے بزدل حکمران نہیں جاگے ۔مارچ کے اختتام پر مطالبہ کیا گیا کہ حکومت غزہ کے بعد لبنان میں ہونے والی جارحیت کیخلاف دو ٹوک اور مؤثر اقدامات کرے ۔

کراچی کی اہم شاہراؤں پر ہزاروں شہریوں، تاجروں، وکلا، ڈاکٹرز، انجینئرز، علما ، اساتذہ و طلبہ نے فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا ، احتجاج میں شامل خواتین نے سڑکوں پر انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنائی۔امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان کی زیر قیادت پاور ہاؤس چورنگی، نارتھ کراچی میں مرکزی احتجاج کیا گیا ۔منعم ظفر نے خطاب کرتے کہا اہل غزہ نے اسرائیلی دہشتگردی کیخلاف اسرائیل اور اسکے سرپرستوں کو واضح پیغام دیا ہے کہ ہمیں شہادتیں اور قربانیاں تو قبول ہیں لیکن انبیا کی سرزمین فلسطین اور قبلہ ِ اوّل کی آزادی سے کم کوئی سمجھوتہ قبول نہیں کرینگے ۔ممبر سینٹرل ایگزیکٹو پیپلز پارٹی اسلم گل کی زیرقیادت گلبرگ تھری جبکہ مین بازار ٹاؤن شپ میں فیصل میر کے زیر اہتمام ریلیوں میں اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا گیا کہ فلسطین کو اقوام متحدہ کا مستقل ممبر بنایا جائے ۔

لاہور ہائیکورٹ جی پی او چوک میں وکلا نے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے اسرائیلی جارحیت کی مذمت اورعالم اسلام کو فلسطینی بھائیوں کی مدد کی اپیل کی۔ پاکستان مرکزی مسلم لیگ نے چھ بڑے شہروں کراچی، حیدرآباد، گوجرانوالہ ، گجرات اور بہاولنگر میں اظہار یکجہتی مظاہرے کئے ۔ گوجرانوالہ میں مرکزی صدر صدر خالد مسعود سندھو ، سیف اللہ خالد، طلحہ سعید، ڈاکٹر فرید پراچہ، ہشام الہٰی ظہیر، ضیااللہ شاہ بخاری، پیر ہارون گیلانی و دیگر نے خطاب میں مطالبہ کیا کہ پاکستان دوریاستی حل کی بجائے آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کو یقینی بنانے کیلئے کردار ادا کرے ۔ دیگرمقامات پر بھی رہنمائوں نے خطاب کیا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں