سرمایہ کاری، بڑے سعودی وفد کی آمد: 2 ارب ڈالر کے معاہدوں کا امکان وفاقی کابینہ کا خصوصی اجلاس آج طلب، ایم او یوز کی منظوری دی جائے گی

سرمایہ کاری، بڑے سعودی وفد کی آمد: 2 ارب ڈالر کے معاہدوں کا امکان وفاقی کابینہ کا خصوصی اجلاس آج طلب، ایم او یوز کی منظوری دی جائے گی

اسلام آباد(وقائع نگار،اے پی پی،دنیا نیوز)سعودی عرب سے 130 رکنی سرمایہ کاری وفد وزیر سرمایہ کاری خالد بن عبدالعزیز الفالح کی قیادت میں بدھ کی شام پاکستان کے تین روزہ دورے پر وفاقی دارالحکومت پہنچ گیا۔ نور خان ایئربیس پر وفاقی وزرا ڈاکٹر مصدق ملک، جام کمال اور عبدالعلیم خان نے وفد کا پرتپاک خیر مقدم کیا۔

اس موقع پر سعودی سفیر سعید نواف المالکی بھی موجود تھے۔ ایئرپورٹ آمد پر بچوں نے سعودی وفد کو گلدستے پیش کئے۔ بچوں نے پاکستان اور سعودی عرب کے جھنڈے لہرائے ۔وفد میں توانائی، کان کنی، معدنیات، زراعت، بزنس، سیاحت، صنعت اور افرادی قوت سمیت مختلف شعبوں کے حکام اور کمپنیوں کے نمائندے شامل ہیں۔وزیر سرمایہ کاری خالد بن عبدالعزیز الفالح کے دورے کا مقصد سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان اقتصادی تعاون کو بڑھانا ہے ۔دورے کے دوران سعودی عرب سے 2 ارب ڈالر سرمایہ کاری کے معاہدوں کو حتمی شکل دئیے جانے کا امکان ہے ۔ وزیراعظم شہباز شریف آج سعودی وفد کے اعزاز میں نجی ہوٹل میں عشائیہ دیں گے ۔سعودی وفد کے ساتھ پلینری، سیکٹورل بریک آؤٹ اور بزنس ٹو بزنس سیشن ہوگا جس میں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد شریک ہوں گے ۔مختلف سیشنز میں وزارت توانائی، وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی ،وزارت فوڈ سکیورٹی، کمیونی کیشن ڈویژن، وزارت پٹرولیم حکام شامل ہوں گے۔ سعودی وفد کی پاکستانی کمپنیوں سے بزنس ٹو بزنس ملاقاتیں بھی شیڈول ہیں۔ اس دوران مختلف معاہدوں پر دستخط بھی کیے جائیں گے۔

سعودی وفد کل 11 اکتوبر کو نیشنل ایرو سپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک کا دورہ اور عسکری حکام سے ملاقاتیں بھی کرے گاجبکہ وزارتی سطح پر پاکستانی اور سعودی وفد کی راؤنڈ ٹیبل میٹنگز بھی ہوں گی۔ وفد اپنے دورے کے دوران پاک سعودی بزنس فورم میں شرکت کرے گا۔ علاوہ ازیں سعودی وفد کی پاکستانی کمپنیوں کے ساتھ کاروباری ملاقاتیں بھی طے ہیں۔ وزارت تجارت نے دعویٰ کیا ہے سعودی عرب کی جانب سے 2027 تک 5 ارب ڈالر سے زائد کی مجموعی سرمایہ کاری ہوگی، سعودی عرب کیساتھ مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کیلئے تقریباً 30 معاہدوں پر دستخط کئے جائیں گے ۔واضح رہے حالیہ چند ماہ کے دوران سعودی عرب اور پاکستان دوطرفہ تجارت کے فروغ اور سرمایہ کاری کے معاہدوں پر تیزی سے کام کر رہے ہیں۔وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کا خصوصی اجلاس بھی آج طلب کرلیا ہے ۔ذرائع کے مطابق اجلاس وزیراعظم ہاؤس میں ہوگا۔ ذرائع کا کہنا ہے اجلاس میں ایس آئی ایف سی اور مختلف ممالک کے ساتھ ایم او یوز اور معاہدوں کی منظوری دی جائے گی۔ذرائع کا کہنا ہے اجلاس میں خصوصی قانون سازی ٹیبل ایجنڈے کے طور پر بھی پیش ہونے کا امکان ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں