سموگ ہاٹ لائن گرین پنجاب ایپ کا افتتاح: بھارتی پنجاب سے کلائمیٹ ڈپلومیسی شروع کرنی چاہیے: مریم نواز

سموگ ہاٹ لائن گرین پنجاب ایپ کا افتتاح: بھارتی پنجاب سے کلائمیٹ ڈپلومیسی شروع کرنی چاہیے: مریم نواز

لاہور(دنیا نیوز،اے پی پی)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے چیف منسٹر کلائمیٹ لیڈر شپ انٹرن شپ پروگرام لانچ کر دیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے پاکستان کی پہلی سموگ ہاٹ لائن 1373 اور پہلی گرین پنجاب ایپ کا افتتاح بھی کیا۔

وزیر اعلیٰ نے ترقیاتی پراجیکٹ میں ایک فیصد فنڈ شجرکاری کیلئے یقینی بنانے کا حکم دیتے ہوئے کلائمیٹ چینج لیڈر شپ انٹرن شپ پروگرام کا اعزازیہ 25ہزار سے بڑھا کر 60 ہزار کرنے کا بھی اعلان کیا اور روڈز کی تعمیرو مرمت کے دوران اطراف میں درخت لگانے کی ہدایت کی۔انہوں نے پنجاب کے سکولوں میں 15اکتوبر تا15نومبر سموگ کا تھیم متعارف کرانے کی ہدایت کی۔وزیراعلیٰ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا بھارتی پنجاب کیساتھ کلائمیٹ ڈپلومیسی شروع کرنی چاہئے۔سموگ کے اثرات دونوں اطراف میں یکساں ہیں تو خاتمے کیلئے پاکستان اورانڈین پنجاب کو یکساں اقدامات کا آغازکرنا چاہئے ۔ بٹن دبانے سے نہیں بلکہ سموگ اجتماعی کاوشوں سے ختم ہوگی۔ انہوں نے کہا پنجاب میں میرابنیادی ویژن یوتھ ڈویلپمنٹ ہے ،60ہزار بھی انٹرن شپ پروگرام کیلئے کم محسوس ہوتے ہیں۔انٹرن شپ کے بعد بچوں کیلئے جاب سکیورٹی کو یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی ہے ۔انہوں نے کہا مریم اورنگزیب اوران کی ٹیم نے میری توقعات سے بڑھ کرکام کیا۔میں کل کروں گی،پرسوں کروں گی والی بات نہیں کرتی جب کام مکمل ہوتا ہے تو عوام کے سامنے پیش کیا جاتا ہے۔

الحمدللہ پنجاب حکومت ہر روز ایک نیا پراجیکٹ لانچ کرتی ہے اوراس پر عملدر آمد کو یقینی بنایاجاتا ہے۔ نوازشریف کی بیٹی ہوں جنہوں نے کبھی عوام سے جھوٹا وعدہ نہیں کیا۔انہوں نے کہا ماحولیات کا تحفظ کسی ایک ڈیپارٹمنٹ یا ایک صوبہ نہیں بلکہ پورے پاکستان کی ذمہ داری ہے ۔انہوں نے کہا انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ کے بغیر ترقی کا سوچنے والوں کو جاہل ہی سمجھا جاسکتا ہے ۔انہوں نے کہا سکولوں میں سموگ سے متعلق آگاہی کو بطورسبجیکٹ پڑھایا جائے گا۔سموگ کے خاتمے کیلئے اینڈ ٹو اینڈ ایکشن پلان بنایاگیا ہے ۔آنے والے دنوں میں سموگ میں کمی آئے گی۔اینٹوں کے بھٹوں سے نکلنے والے دھویں پر وارننگ دی گئی اوروارننگ کے بعد خلاف ورزی پر گرادیاگیا۔کسی کا روزگار خراب نہیں کرنا چاہتے مگر ماحول خراب کرنے والوں کے خلاف دل پر پتھر رکھ کر کارروائی کرنا پڑتی ہے ۔انہوں نے کہاپولیٹیکل پلوشن نظر نہیں آتی مگر ملک کو برباد کردیتی ہے ۔احتجاج،گھیراؤ،جلاؤ غلط روایات ہیں۔ملائیشیا کے پرائم منسٹر آئے اور اب ایس سی او شروع ہونے والی ہے تو پاکستان کا کونسا چہرہ دکھانے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ایک صوبہ پورے سازوسامان کے ساتھ وفاق پر حملہ آور ہورہا ہے۔

مہنگائی کم ہونے سے ان کی سیاست دفن ہورہی ہے ۔سیاسی مخالفت اپنی جگہ ملک ترقی کررہا ہے مجھے چاہیے میں چپ کر کے بیٹھ جاؤں۔ نہ خود کام کرتے ہیں اورنہ دوسروں کو کام کرنے دیتے ہیں۔سیاسی سموگ پھیلانے والوں کو ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا۔وزیر اعلیٰ نے موبائل ا یئر کوالٹی مانیٹرنگ سٹیشن کا معائنہ کیا۔مریم نواز تقریب میں اپنی نشست کی بجائے انٹرن کے درمیان بیٹھ گئیں۔ وزیر اعلیٰ مریم نوا زسے رئیر ایڈ مرل اظہر محمود کی سربراہی میں پاکستان نیول وار کالج کے وفد نے ملاقات کی۔ 118رکنی وفد میں پاکستان نیوی کے علاوہ 16 دوست ممالک کے افسر بھی شامل تھے ۔ وزیر اعلیٰ نے سی ایم انیشیٹو کے بارے میں خود بریفنگ دی۔ انہوں نے کہا مثبت تبدیلیاں لانا چاہتے ہیں، خوشحال پنجاب ہماری منزل ہے ۔ عوام کو خوش دیکھنا میرے لئے ایوارڈ کے مترادف ہے ۔ خلوص نیت کے ساتھ کی جانے والے ہر کوشش کامیابی سے ہمکنارہوتی ہے ۔بے سود میٹنگ کلچر کی بجائے عمل پر یقین رکھتی ہوں۔ وزیراعلیٰ نے کہا پنجاب میں آرٹیفیشل انٹیلی جنس یونیورسٹی کا آغاز جلد کررہے ہیں۔

لاہور میں کوالٹی ہائر ایجوکیشن کے لئے نوازشریف آئی ٹی سٹی کا پراجیکٹ چند ماہ میں شروع ہوجائے گا۔بزنس کمیونٹی کے مسائل کے حل کے لئے سرخ فیتہ کلچر ہٹارہے ہیں۔ٹوراز پر پرائم فوکس ہے ، راولپنڈی تا مری گلاس ٹرین چلائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ چین، سعودی عرب، ترکی، یو اے ای، بنگلادیش، عمان، عراق، فلسطین، یمن، ساؤتھ افریقہ اور دیگر ممالک کے آفیسرز کو یہاں دیکھ کر بے حدخوشی ہوئی۔لاہور کی ثقافت اور تہذیب یقیناً ہمارے مہمانوں کو پسند آئے گی۔ آپ کو لاہور کے ٹور کی دعوت دیتی ہوں۔ مریم نوازشریف نے سعودی عرب، یمن، نائیجریاسمیت دیگر ممالک کے نیول افسروں کے سوالا ت کے جواب دئیے ،دریں اثناء وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف سے کمانڈرسنٹرل پنجاب پاکستان نیوی ریئرایڈمرل اظہر محمودنے ملاقات کی، ملاقات میں عالمی سطح پر تیزی سے بدلتی ہوئی صورتحال کے تناظر میں دفاعی میدان میں جدید ٹیکنالوجی کی ضرورت پر زور دیا گیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں