پختو نخوا کی خود مختاری، آئینی حقوق پر سمجھوتہ نہیں کرینگے:علی امین

پختو نخوا کی خود مختاری، آئینی حقوق پر سمجھوتہ نہیں کرینگے:علی امین

پشاور(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ ہم 18 ویں ترمیم کے تحت صوبے کی خود مختاری اور آئینی حقوق پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔

وزیر اعلیٰ کی زیر صدرات صوبائی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں اظہار خیال کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ بحیثیت وزیر اعلیٰ میں جہاں جاؤں گا، میرے ساتھ اہلکار اور دیگر درکار مشینری بھی جائے گی۔کے پی ہاؤس اسلام آباد میں غیر قانونی طور پر ہماری املاک کو توڑا گیا جس پر قانونی چارہ جوئی کے لئے مشاورت کرکے لائحہ عمل طے کریں گے ۔انہوں نے بتایا کہ کے پی ہاؤس میں ہونے والے نقصانات کا تخمینہ لگانے کے لئے کمیٹی تشکیل دی گئی ہے ۔ہمارے باوردی پولیس والوں کو غیر قانونی طور پر حراست میں لیا گیا، اسی طرح ہمارے ریسکیو اہلکاروں کو بھی حراست میں لیا گیا، اگر ان پر تشدد ثابت ہوا تو ہم سخت کارروائی کریں گے ۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ہماری ریسکیو کی مشینری کو بھی غیر قانونی طور پر قبضے میں لیا گیا۔ خیبرپختونخوا کی کابینہ نے پولیس ایکٹ میں ترامیم کی منظوری دے دی۔، ذرائع کے مطابق کابینہ اجلاس میں کئی اہم فیصلے کئے گئے۔ ترامیم کے بعد پولیس کے گریڈ 18 اور 19 کے تبادلوں کا اختیار وزیراعلیٰ کو منتقل ہو گیا، اس سے قبل تمام تبادلوں کے اختیارات آئی جی کے پاس تھے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں