پاکستان اور منگولیا کا مشترکہ وزارتی کمیشن بنانے پر اتفاق

پاکستان اور منگولیا کا مشترکہ وزارتی کمیشن بنانے پر اتفاق

اسلام آباد(نامہ نگار)وزیراعظم شہباز شریف سے منگولیا کے وزیراعظم او یون اردین لویسنا ئی اور شنگھائی تعاون تنظیم کے سیکرٹری جنرل ژانگ منگ نے ملاقاتیں کیں ۔

منگولین ہم منصب سے گفتگو کرتے ہوئے شہبازشریف کا کہناتھاکہ پاکستان اور منگولیا کو تجارت، سرمایہ کاری، عوام سے عوامی و مواصلاتی روابط پر خصوصی توجہ کے ساتھ باہمی طور پر مفید تعاون کی نئی راہیں تلاش کرنی چاہئیں ۔ منگولیا کے وزیر اعظم کا دورہ دونوں ممالک کے مابین باہمی احترام، خیر سگالی اور برادرانہ تعلقات کی تاریخ میں ایک نئے باب کا آغاز ہے ۔ شہباز شریف نے منگولیا کے سول سرونٹس کو پاکستان کے تربیتی اداروں میں تربیت کی پیشکش کی اور 2025 کو پاکستان منگولیا دوستی کا سال قرار دینے کی تجویز پیش کی۔ دونوں رہنماؤں نے تجارت، سیاحت، زراعت اور کان کنی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کیلئے مشترکہ وزارتی کمیشن بنانے اورپارلیمانی تعلقات کی وسعت کیلئے بین الپارلیمانی یونین کے قیام پر اتفاق کیا ۔شنگھائی تعاون تنظیم کے سیکرٹری جنرل ژانگ منگ سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہاکہ شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ملک کی حیثیت سے پاکستان تنظیم کے دیگر رکن ممالک اور خطے کے وسیع تر مفاد کے تحت تنظیم کی ترقیاتی ترجیحات کے فروغ کے لئے تہہ دل سے کام کرتا رہے گا۔ ژانگ منگ نے وزیر اعظم کو شنگھائی تعاون تنظیم کونسل آف ہیڈز آف گورنمنٹ اجلاس کے کامیاب انعقاد اور اس کے مثبت نتائج پر مبارکباد دی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں