کامیاب ایس سی او اجلاس سے پاکستان کی سفارتی پروفائل مزید مستحکم ہوئی: وزیر اعظم

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیرا عظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس کے کامیاب انعقاد سے پاکستان کی سفارتی پروفائل بین الاقوامی سطح پر مزید مستحکم ہوئی ہے۔

حکومت اور اتحادی جماعتوں کے سینیٹرز کے اعزاز میں ظہرانہ سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کے پاکستان میں کامیاب انعقاد پر تمام رہنماؤں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، ایس سی او اجلاس کا کامیاب انعقاد سفارتی میدان میں پاکستان کے لیے بہت بڑی کامیابی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم کی کامیابی کے لیے تمام متعلقہ اداروں نے مل کر کوشش کی، شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس سے پہلے چینی وزیراعظم کا انتہائی کامیاب دورہ ہوا، شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کی کامیابی میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار کا کلیدی کردار ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ ملکی معیشت مثبت سمت میں گامزن ہے، مہنگائی میں مختصر عرصے میں خاطر خواہ کم آئی ہے، معیشت کے استحکام کی بدولت پاکستان نے 2025 کے اہداف کو 2024 میں ہی حاصل کر لیا، ترسیلات زر میں مستقل اضافہ ملکی معیشت کے لیے انتہائی خوش آئند ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ترسیلاتِ زر میں ریکارڈ اضافہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کے حکومت کی پالیسیوں پر اعتماد کی عکاسی ہے، معیشت کے استحکام کیلئے سب نے قربانی دی، پہلے بھی بارہا کہا کہ اپنے مخالفین کو ملکی ترقی و خوشحالی کیلئے محنت کر کے جواب دیں گے۔

شہباز شریف نے اتحادی جماعتوں کے سینیٹ میں قائدین کو پیغام دیا کہ آپ سب نے سیاست کی قربانی دے کر خوب محنت کی، معاشی استحکام اور سفارتی کامیابیاں اس کا نتیجہ ہیں، اس ملک کی تمام سیاسی جماعتوں اور عوام نے قربانی دے کر اس ملک کو مشکلات سے نکالا۔

انہوں نے کہا کہ ملکی ترقی کیلئے تمام سیاسی جماعتیں اور ادارے مل کر کام کر رہے ہیں، قومی مفاد کے لیے ہم اپنے اتحادیوں کے ساتھ مل کر خوشحال پاکستان کی جانب گامزن ہیں۔

تقریب میں چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی، نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار اور حکومتی اور اتحادی جماعتوں کے سینیٹرز شریک تھے۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں