انگلش پریمیئر لیگ : کرسٹل پیلس اور لیسٹر سٹی نے اپنے میچز جیت لئے
لندن : (ویب ڈیسک ) کرسٹل پیلس نے انگلش پریمیئر لیگ کے ایک میچ میں سخت مقابلے کے بعد ایپسوچ ٹائون کو 0-1 گول سے ہرا دیاجبکہ لیسٹر سٹی نے ویسٹ ہیم یونائیٹڈ کو 1-3 گول سے ہرا دیا ۔
پریمیئر لیگ کے دلچسپ مقابلے انگلینڈ میں جاری ہیں، پورٹ مین روڈ، ایپسوچ میں کھیلے گئے لیگ کے اہم میچ میں کرسٹل پیلس نے انتہائی سخت مقابلے کے بعد ایپسوچ ٹائون کی ٹیم کو 0-1گول سے ہرا دیا،کرسٹل پیلس کے جین فلپ میٹیٹا نے واحد گول کر کے اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ جین فلپ میٹیٹا نے واحد گول میچ کے 59 ویں منٹ پر سکور کیا۔
یہ کرسٹل پیلس کی لیگ میں دوسری فتح ہے اور اس فتح کے بعد کرسٹل پیلس کی ٹیم کی ای پی ایل پوائنٹس ٹیبل پر 16 پوزیشن ہے۔
کنگ پاؤر سٹیڈیم ،لیسٹر کے مقام پر کھیلے گئے ایک اور میچ میں میزبان لیسٹر سٹی کی ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ویسٹ ہیم یونائیٹڈ کی ٹیم کو ایک کے مقابلے میں تین گول سے ہرا دیا۔
لیسٹر سٹی کی جانب سے جیمی ورڈی ،بلال الخانوس اور پیٹسن ڈاکا نے ایک،ایک گول کیا اور اپنی ٹیم کو فتح دلا دی۔
ویسٹ ہیم یونائیٹڈ کی طرف سے واحد گول نکلاس فلکرگ نے سکور کیا، یہ لیسٹر سٹی کی لیگ میں تیسری فتح ہے۔