سعودی عرب سے دوستانہ میچ: قومی ویمن فٹبال ٹیم کو این او سی جاری

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سعودی عرب سے دوستانہ میچ کیلئے قومی ویمن فٹبال ٹیم کو این او سی جاری کر دیا گیا۔

وفاقی وزارت بین الصوبائی رابطہ کی اجازت کے بعد قومی ویمن فٹ بال ٹیم آج قطر کے شہر دوحہ روانہ ہوگی، قومی ویمن فٹ بال ٹیم کو اہم اجازت نامے کے اجرا میں تاخیر کے سبب تمام منتخب کھلاڑی قومی سکواڈ کا حصہ نہ بن سکیں، برطانوی شہریت کی حامل قومی ویمن کپتان ماریہ خان اور کھلاڑی یسریٰ خان براہ راست لندن سے دوحہ پہنچیں گی۔

قومی فٹبال ٹیم سعودی ویمن فٹ بال ٹیم سے دوستانہ میچ ہفتے کو کھیلے گی، جبکہ میچ سے قبل قطر میں سہ روزہ قومی ویمن کیمپ کا انعقاد ہوگا، دوحہ میں کیمپ کے اخراجات سعودی فٹ بال فیڈریشن برداشت کرے گی۔

واضح رہے کہ پاکستان کے سکواڈ میں 8 رکنی سپورٹنگ سٹاف بھی شامل ہے، دوستانہ میچ کے بعد قومی ویمن ٹیم 9 دسمبر کو واپس وطن پہنچ جائے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں