نئی قانون سازی میں خوف کا عنصر نمایاں :رضا ربانی
اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)سابق چیئرمین سینیٹ اور پیپلزپارٹی کے رہنما رضا ربانی نے قومی اسمبلی وسینیٹ میں ہونے والی قانون سازی کو پارلیمانی تاریخ کا سیاہ دن قرار دے دیا۔
انہوں نے سپریم کورٹ میں ججز کی تعداد سے متعلق ترمیمی بل منظورہونے پر رد عمل میں کہا خوفزدہ پارلیمنٹ کا وجودیا جمہوری نظام نہ صرف کمزور ہوتا ہے بلکہ اس کا وجود بھی ہمیشہ خطرے میں رہتا ہے ۔ اس طرح کا اقدام پارلیمنٹ کی بالادستی کو نہیں خوف کے عنصر کو نمایاں کرتا ہے ، نئی قانون سازی کا عدلیہ اور اداروں پر گہرا اثر ہوگا، تاریخ ہمیں پارلیمانی اور جمہوریت پر عمل نہ کرنے کا ذمہ دار ٹھہرائے گی۔ حکومت نے اہم رولز کو معطل کرکے قانون سازی کی، ان بلز کو متعلقہ قائمہ کمیٹیوں کو بھیجنا چاہیے تھا جہاں انکے اثرات پر غور کیا جاتا۔ قائمہ کمیٹیوں کے بعد ان بلز کو پارلیمنٹ میں پیش کیا جاتا جہاں بحث ہوتی اورانہیں اکثریت کے ساتھ منظور کرایا جاتا۔