احتجاج پر لوگ رہا ہوجائیں تو جیلیں خالی ہوجائینگی، خورشید شاہ

احتجاج پر لوگ رہا ہوجائیں  تو جیلیں خالی ہوجائینگی، خورشید شاہ

سکھر(آئی این پی)پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ آئین و قانون کی حد میں رہ کر احتجاج کرنا ہر سیاسی جماعت کا قانونی حق ہے، اگر احتجاج کو تخریب کاری میں تبدیل کیا گیا تو برداشت نہیں ہوسکتا۔

سکھر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی احتجاج کرے ہمیں کوئی اعتراض نہیں ان کا قانونی اور آئینی حق ہے ، احتجاج پر اگر لوگ رہا ہوجائیں تو جیلیں تو خالی ہوجائیں گی۔انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن نے خود 26ویں آئینی ترمیم کو ووٹ دیا ، پارلیمنٹ کوئی ایسی ترمیم پاس نہیں کرے گی جس سے انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہو، دریائے سندھ کے پانی کی تقسیم کے معاملے پر ہمارا موقف واضح ہے ، پیپلزپارٹی کبھی بھی پانی کے معاملے پر سمجھوتہ نہیں کرے گی، محب وطن پاکستانی کے طور پر کہتا ہوں نیا پینڈورا باکس نہ کھولا جائے ۔انہوں نے کہا کہ دریائے سندھ پر بننے والے کینالز میں پنجاب یا کسی اور کا پانی نہیں جائے گا یہ نقصان سندھ کو ہی ہوگا۔ خورشید شاہ کا مزید کہنا تھا کہ وی پی این غیر شرعی جو چاہے کہہ دے جب تک قانون نہیں کہتا تب تک نہیں ہوسکتا، میں موبائل ہی نہیں رکھتا ۔وی پی این کیا استعمال کروں گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں