مذاکرات تسلیم ہو گئے تو احتجاج ختم کردینگے :بیرسٹر گوہر

مذاکرات تسلیم ہو گئے تو احتجاج ختم کردینگے :بیرسٹر گوہر

اسلام آباد(دنیا نیوز) چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ مذاکرات تسلیم ہو گئے تو احتجاج ختم کردیں گے۔

دنیا نیوزکے پروگرام’’دنیا مہربخاری کے ساتھ‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ عمران خان کی بہنوں کا سیاست میں آنے کا کوئی ارادہ نہیں، بشریٰ بی بی، بانی پی ٹی آئی کا پیغام پہنچا رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ سیاسی لیڈرشپ کو بانی پی ٹی آئی کے ساتھ ملنے نہیں دیا جارہا ہے ، بشریٰ نے علی امین گنڈا پورسے برہمی کا اظہارنہیں کیا، بشریٰ نے کہا بانی کی کال پرسب نے باہرنکلنا ہے ، پنجاب سے حماد اظہرلیڈ کریں گے ، بشریٰ نے کہا ہے احتجاج میں زیادہ سے زیادہ لوگ شرکت کریں۔بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ایم این ایز،ایم پی ایز، کارکنوں کے لیے کھانے کا بندوبست کریں گے ، مذاکرات کا اگروقت آیا تو بانی پی ٹی آئی نے فیصلہ کرنا ہے ، بانی سے ہدایات لیتے رہیں گے ، بانی تک رسائی ختم نہیں ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ اگرعمران خان سے رسائی ختم ہو گی توسینئرقیادت فیصلہ کرے گی، ہمارے مطالبات بڑے واضح ہیں، تحریک انصاف کا مینڈیٹ چوری ہوا جس کی آج تک سماعت نہیں ہوئی۔چیئرمین تحریک انصاف کا مزید کہنا تھا کہ سیاست میں کوئی بیک فائروالی بات نہیں ہوتی، ہماری تحریک جاری رہے گی۔ بیرسٹر گوہر نے مذاکرات کے حوالے سے مزید کہا ہے کہ علی امین آج اپیکس کمیٹی میں بات کریں گے ،تحریک انصاف احتجاج کا اعلان کرے توحکومت کودفعہ 144 یاد آجاتی ہے ۔سینئر تجزیہ کار حامد میر نے کہا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ تحریک انصاف سے بات چیت نہیں کرنا چاہتی، نہ ہی اس سلسلے میں اپیکس کمیٹی میں کوئی ایسی بات ہوگی،مجھے لگتاہے آج یا کل سے تحریک انصاف کے خلاف کریک ڈائون شروع ہو گا، ایک سوال کے جواب میں کہا ہے کہ اس فائنل کال سے حکومت کافی ٹینشن میں ہے ،حکومت اس ٹینشن میں ہے کہ تحریک انصاف اپنے موقف پر ڈٹی ہوئی ہے ہمارے ساتھ بات چیت کو تیار نہیں ، حکومت کا یہ خیال ہے کہ 24نومبر کو کچھ نہیں ہوگا،مجھے تو یہی لگتا ہے کہ کچھ نہ کچھ تو ہوگا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں