24نومبر خان کی آخری کال ہے ،فیصل واوڈا
اسلام آباد(اپنے رپورٹرسے )سابق وفاقی وزیرسینیٹر فیصل واوڈا نے کہا بانی پی ٹی آئی کے ساتھ مفاد پرست لوگ ہیں ان کو بچانے کیلئے کوئی نہیں بچا، سب کمپرومائزڈ ہیں، 24 نومبر کی کال غریب کو مروانے کیلئے دی گئی ہے ،24 نومبر والا ڈرامہ پانی کا بلبلا بننے جارہا ہے۔
24نومبرپکنک ہے انجوائے کریں،یہ خان کی آخری کال ہے ، اسٹیبلشمنٹ کی یہ نہ سیکنڈ لاسٹ کال ہے اور نہ ہی آخری کال ہے ،کے پی کے وسائل استعمال کرکے وفاقی دارالحکومت پر چڑھائی کی جاتی ہے ،بانی پی ٹی آئی کی حمایت میں کانگریس آگئی ہے ،امریکا کوفلسطین میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی نظر نہیں آرہی ،غلامی اور مداخلت والی پالیسی قابل قبول نہیں ہے ،کچھ عناصر ملک میں عدم استحکام چاہتے ہیں دیگر ممالک اپنے کام سے کام رکھیں، فلسطین میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر تو کسی نے خط نہیں لکھا،پارلیمنٹ امریکا کی مداخلت کو روکے ،فیصل واوڈا نے پریس کانفرنس میں مزید کہا کچھ عناصر ملک میں عدم استحکام چاہتے ہیں۔
خواہش ہے کہ بانی پی ٹی آئی کے جیل میں رہنے کا کوئی فائدہ نہ اٹھائے ،اندر کھاتے ابھی بھی بات چل رہی ہے ، علی امین گنڈاپور کس کا پیغام لے کر کل اڈیالہ جیل گئے ؟کے پی کے علاوہ پی ٹی آئی کہیں نہیں لیکن وہاں بھی دھڑے بندی ہے ، بی بی کا دھڑا ہے ،بہن کا دھڑا ہے اور وکلاء کا دھڑا ہے ، بانی پی ٹی آئی کو آج بھی اگر عقل آجائے تو وہ آنکھیں کھول کر دیکھ لیں کہ ان کی غیر موجودگی میں کیا ہورہا ہے ،بانی پی ٹی آئی کا سودا کر کے پی ٹی آئی رہنما ریلیف مانگ رہے ہیں، 24 کو رہائی ہورہی ہے نہ کچھ اور ہورہا ہے صرف فیس سیونگ ہو رہی ہے ، پی ٹی آئی قیادت اندرون خانہ لیٹی ہوئی ہے ، احتجاج میں 50 ہزار آئیں یا 50 لاکھ لوگ کوئی فرق نہیں پڑے گا، 25 نومبرکو بانی پی ٹی آئی پرفرد جرم عائد ہونی ہے اس لیے 24 کے احتجاج کی کال دی گئی ہے ، خیبرپختونخوا میں بھی لگا تو وہاں بھی ریڈ ہوگی، ٹھوک بجا کرہوگی، 26 ویں آئینی ترمیم ہوگئی اگر ضرورت پڑی تو 27 ویں ترمیم بھی ہوجائے گی۔