حکومت ہمارے حتمی اعلان سے قبل ریلیف دے :حافظ نعیم

حکومت ہمارے حتمی اعلان سے قبل ریلیف دے :حافظ نعیم

لاہو ر(سٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم تھری امن و امان اور عوام کو ریلیف دینے میں ناکام ہوگئی۔ پی پی اور ن لیگ میں نورا کشتی کو سندھ سمیت پورے ملک کے عوام خوب سمجھتے ہیں۔

 پی پی کی عوامی حمایت ختم ہو چکی، اسے اسٹیبلشمنٹ کی حمایت نہ ہو تو دھڑام سے گرجائے ، یہ اسٹیبلشمنٹ اور چند وڈیروں کی مدد سے سندھ پر قابض ہے ، اسٹیبلشمنٹ کے بغیر یہ کراچی کی میئر شپ پر بھی قابض نہیں ہوسکتی تھی۔ پانی کا کوئی نیا منصوبہ قومی اتفاق رائے کے بغیر اور 1991 کے معاہدہ کی خلاف ورزی کرکے نہیں بننا چاہیے ۔ کسی بھی پارٹی کے پرامن احتجاج کی حمایت کرتے ہیں، حکومتی ہتھکنڈے قابل مذمت ہیں۔ پی ٹی آئی کے ملک بند کرنے کی کال کو حکومت نے خود پورا کردیا۔ چاہتے ہیں مزید بدمزگی نہ ہو اور ہمارے کسی حتمی اعلان سے قبل حکومت خود ہی عوام کو ریلیف دے ، بجلی، پٹرول اور اشیائے خورونوش کی قیمتیں کم کرے ۔ عوام کے حقوق کیلئے ہماراراستہ روکا گیا تو حالات کسی کے قابو میں نہیں رہیں گے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے حیدرآباد میں پریس کانفرنس اور خواتین کی سہ روزہ تربیت گاہ سے خطاب میں کیا۔ امیر جماعت نے کہا سندھ اور جنوبی پنجاب میں ڈاکو راج ہے ، خیبر پختوانخوا، بلوچستان میں صورتحال تشویشناک ہے ۔ وزیراعلیٰ کے پی پرامن احتجاج ضرور کریں مگر ان کا اصل فوکس عوام کا تحفظ ہونا چاہیے ۔کرم میں گاڑیوں کے قافلے روک کر بیگناہ افراد کو نشانہ بنایا گیا۔ حکومت بتائے اس کھیل میں کون ملوث ہے ، امریکی جنگ میں شامل ہونے کا نتیجہ ہے کہ پورا خطہ آگ میں جل رہا ہے ، یہ شیعہ سنی لڑائی نہیں، سی آئی اے اور را کی مداخلت ہے ، حکمران خوفزدہ ہونے کی بجائے ملوث طاقتوں کا نام لیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں