سموگ :پنجاب بھر میں مزید61 ہزار سانس کے مریض

سموگ :پنجاب بھر میں مزید61 ہزار سانس کے مریض

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک ،این این آئی )لاہور سمیت پنجاب بھر میں سموگ سے بیماریاں تیزی سے پھیلنے لگیں۔ 24 گھنٹے کے دوران مزید61 ہزار 24 افراد پھیپھڑوں کے مرض میں مبتلا ہوکرہسپتال پہنچ گئے جبکہ لاہورکو سموگ سے نجات نہ مل سکی۔

 ہفتہ کے روز بھی دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں پہلے نمبر پر رہا ۔ شہر میں سموگ کی اوسط شرح 360ریکارڈ کی گئی، ویلنشیا ٹاؤن کا ایئر کوالٹی انڈیکس 485، جوہر ٹاؤن کا418 رہا۔پنجاب بھر میں سموگ سے سانس کی بیماریاں تیزی سے پھیل رہی ہیں۔ 24 گھنٹے کے دوران 61 ہزار 24 افراد پھیپھڑوں کے مرض میں مبتلا ہونے پر ہسپتالوں میں داخل کرائے گئے ۔صوبے بھر میں دمے کے 4 ہزار 211 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ۔لاہور میں رپورٹ ہونے والے کیسز میں 3 ہزار 690 پھیپھڑوں جبکہ دمے کے 209 مریض شامل ہیں۔صوبہ میں اب تک سموگ متاثرہ افراد کی تعداد 20لاکھ کے قریب پہنچ چکی ہے ۔ضلع انتظامیہ لاہور نے سموگ ایس او پیز کی خلاف ورزی پرتحصیل ماڈل ٹاؤن ، اقبال ٹاؤن ،رائیونڈ، شالیمار اور واہگہ میں 37دکانیں سیل کر دیں ۔تحصیل صدر میں 2ریسٹورنٹس کوسیل کردیاگیا۔ اسسٹنٹ کمشنر رائیونڈ نے پرائیویٹ ڈویلپر کو بذریعہ بھاری مشینری لینڈ ڈویلپمنٹ کرنے پر پکڑ لیا ، لاہور میں دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کیخلاف بھی کارروائیاں جاری ہیں۔ سی ٹی او عمارہ اطہر نے بتایا کہ 24گھنٹے میں دھواں چھوڑنے والی 1310گاڑیوں کو27لاکھ کے جرمانے ، متعدد گاڑیوں سمیت 105موٹرسائیکلیں اور 91ٹریکٹر ٹرالیوں کو بند کیا گیا ۔ دھواں چھوڑنے والی 119وہیکلز کو ای چالاننگ جاری کئے گئے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں