پی ٹی آئی رہنماؤں کی عبوری ضمانتوں میں 7دسمبرتک توسیع
لاہور، اسلام آباد(عدالتی رپورٹر،کورٹ رپورٹر، اپنے نامہ نگارسے )لاہور کی انسداد دہشتگری عدالت نے بانی پی ٹی آئی کی بہنوں علیمہ خان،عظمیٰ خان اور دیگر رہنماؤں کے خلاف 9 مئی سمیت دیگر مقدمات میں حاضری معافی کی درخواست منظور کرتے ہوئے عبوری ضمانتوں میں 7 دسمبر تک توسیع کر دی۔
جج منظر علی گل نے علیمہ خان، عظمٰی خان اور زین قریشی کی 9 مئی کے کیسز جبکہ سلمان اکرم راجہ کی 5 اکتوبرکے توڑ پھوڑ کے مقدمے میں عبوری ضمانتوں پر سماعت کی۔ ملزموں کے وکلا کی جانب سے عدالت میں حاضری معافی کی درخواست دائر کی گئی،جس میں موقف اختیار کیا گیا کہ راستے بند ہونے کے باعث ملزم عدالتوں میں پیش نہیں ہو سکتے ۔ جج اے ٹی سی نے ریمارکس دئیے کہ علیمہ خان، عظمیٰ خان اور زین قریشی گزشتہ سماعت پر بھی عدالت میں پیش نہیں ہوئے تھے ، اگر وہ آئندہ سماعت میں پیش نہ ہوئے تو ضمانتیں خارج کر دوں گا۔ سلمان اکرم راجہ کے وکلا نے موقف اختیار کیا کہ سلمان اکرم راجہ طبیعت کی ناسازی اور رستوں کے بند ہونے کے باعث عدالت میں پیش نہیں ہوسکے ،جس پر عدالت نے تمام ملزموں کی عبوری ضمانتوں میں 7 دسمبر تک توسیع کر دی۔جج منظر علی گل نے بانی پی ٹی آئی کی نو مئی کے 8 مقدمات میں ضمانتوں کی جلد سماعت کی درخواست بھی منظور کرلی، سماعت 27 نومبر کو ہوگی جس میں بانی پی ٹی آئی کے وکیل کو دلائل مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔ انسداد دہشت گردی عدالت لاہور نے پانچ اکتوبر کو ہنگامہ آرائی اور پولیس پر تشدد کے مقدمہ میں پی ٹی آئی رہنما اکمل خان باری اور حبیب الرحمن کو مقدمے سے ڈسچارج کردیا۔اسلام آباد ہائیکورٹ کے جج جسٹس ارباب محمد طاہر نے بانی پی ٹی آئی کے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات فراہمی کی درخواست میں نیب، بلوچستان،سندھ اور کے پی کے حکام کو دوبارہ نوٹسز جاری کردئیے ،کیس کی آئندہ سماعت2 دسمبر کو ہوگی۔ سول جج و جوڈیشل مجسٹریٹ اسلام آباد مبشر حسن کی عدالت نے غیر قانونی اسلحہ و شراب برآمدگی کیس میں وزیر اعلٰی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری پر پشاور ہائیکورٹ احکامات کے مطابق عمل کرنے کی ہدایت کردی۔ علی امین گنڈاپور کے وکیل راجہ ظہور الحسن نے پشاور ہائیکورٹ کے احکامات عدالت میں جمع کراتے ہوئے بتایاکہ علی امین گنڈاپور پشاور ہائیکورٹ سے حفاظتی ضمانت پر ہیں ،عدالت نے کیس کی مزید سماعت 18 دسمبر تک ملتوی کر دی۔