ریٹائرڈ، فوت ملازمین کے کوٹہ پر بھرتی نہ کی جائے :رجسٹرار پشاور ہائیکورٹ، جوڈیشل افسروں کو مراسلہ
پشاور (آئی این پی) رجسٹرار پشاور ہائیکورٹ نے ریٹائرڈ اور فوت ملازمین کے بچوں کی بھرتی کے معاملے پر جوڈیشل افسران کو مراسلہ لکھ دیا، مراسلے میں کہا گیا سپریم کورٹ نے ریٹائرڈ اور فوت شدہ ملازمین کے سن کوٹہ پر پابندی عائد کر دی، ریٹائرڈ اور فوت شدہ ملازمین کے کوٹے پر بھرتی نہ کی جائے ۔
سپریم کورٹ نے 18اکتوبر کو سرکاری ملازمین کے بچوں سے متعلق کوٹہ اور پیکجز کو غیرقانونی قرار دیا اور اپنے فیصلے میں حکم دیا تھا کہ وفاق، تمام صوبائی حکومتیں اشتہار یا اوپن میرٹ کے بغیر سرکاری ملازمین کے بچوں کو ملازمت دینے کی پالیسی ختم کریں۔ عدالتی فیصلے کا اطلاق پہلے سے سرکاری ملازمین کے بچوں کو ملنے والے کوٹہ، دہشتگردی واقعات میں شہید افراد کے قانونی ورثا پر نہیں ہوگا۔