محکمہ صحت بلوچستان : ڈاکٹروں کی 3 ہزار 530 پوسٹیں خالی

محکمہ صحت بلوچستان : ڈاکٹروں کی 3 ہزار 530 پوسٹیں خالی

کوئٹہ ( سٹاف رپورٹر)بلوچستان کے محکمہ صحت میں ڈاکٹروں کی 3 ہزار 530 پوسٹیں خالی ہونے کا انکشاف ہوا ہے دستاویزات کے مطابق صوبے میں سپیشلسٹ ڈاکٹروں کی 600 پوسٹوں میں سے 420 خالی ہیں۔

 پورے صوبے میں صرف 180ماہر ڈاکٹرز خدمات  انجام دے رہے ہیں۔صوبے میں نرسوں کی بھی 351 پوسٹیں خالی ہیں جبکہ کوئٹہ کے سول  ہسپتال اور بولان میڈیکل کمپلیکس میں منظور شدہ پوسٹوں سے 236 ڈاکٹر کی اضافی تعیناتی کا انکشاف بھی سامنے آیا ہے ۔دستا ویزات کے مطابق صوبے میں ڈاکٹرز ، لیڈی ڈاکٹرز اور ڈینٹل سرجنز کی 5 ہزار 556 میں سے 2178 پوسٹیں خالی پڑی ہیں ٹیچنگ کیڈر 745، ہیلتھ مینجمنٹ کیڈر کی 187 اور سپیشلسٹ کیڈر کی 420 پوسٹیں خالی پڑی ہیں اسی طرح صوبے میں نرسوں کی 1525 اسامیاں ہیں جن میں سے 351 خالی پڑی ہیں، صوبے میں ڈاکٹروں اور نرسوں کی پوسٹیں خالی ہونے سے 1251بی ایچ یو ز میں صرف 762 فعال جبکہ 489 بند پڑے ہیں۔دوسری جانب ڈاکٹروں کے اندرون صوبہ ڈیوٹی دینے کے بجائے کوئٹہ میں منتقل ہونے کا رجحان اس قدر زیادہ ہوگیا ہے کہ کوئٹہ کے سول ہسپتال اور بولان میڈیکل کمپلیکس میں گریڈ 17سے 20کی منظورشدہ پوسٹوں سے 236 ڈاکٹرز اضافی تعینات ہیں، جن میں سول ہسپتال میں 126اور بی ایم سی میں 110 اضافی ڈاکٹرز تعینات ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں