سبزیوں، پھلوں کی قیمتیں آسمان پر، پٹرولیم مصنوعات کی قلت کا خدشہ
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک )پی ٹی آئی کے احتجاج کے باعث اسلام آباد ، راولپنڈی اور لاہور میں پٹرولیم مصنوعات کی قلت کا خدشہ پیدا ہو گیا ، سبزیوں ، پھلوں کی قیمتیں آسمان پر پہنچ گئیں۔
پٹرولیم ڈویژن کی جانب سے چیف سیکرٹری پنجاب،اسلام آباد اور راولپنڈی کے چیف کمشنرز کو لکھے گئے خط میں کہا گیاکہ احتجاج پراسلام آباد، رولپنڈی اور لاہور میں پٹرولیم مصنوعات کی سپلائی چین ٹوٹنے کاخدشہ ہے ،لاک ڈاؤن صورتحال میں پٹرولیم مصنوعات کی بلا تعطل فراہمی کیلئے اقدامات کیے جائیں، اٹک آئل ریفائنری کوخام تیل لے کر جانے ،پٹرولیم مصنوعات لانے والے ٹینکرز،گاڑیوں کی آمد ورفت، ترسیل محدود ہوگئی، پٹرولیم سپلائی میں رکاوٹیں آرہی ہیں،اس سلسلہ میں اوگرا بھی ضلعی انتظامیہ کے ساتھ رابطے میں ہے ،انتظامیہ سے متاثرہ شہروں میں پٹرولیم مصنوعات کی بلاتعطل فراہمی اور جامع منصوبہ بندی کی درخواست ہے ۔ادھر راستوں کی بندش سے سندھ ، پنجاب سرحد پر گاڑیوں کی کئی کلومیٹر قطاریں لگ گئیں ،گاڑیوں میں لدا مال خراب ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا ،ذرائع کے مطابق کمالیہ سے روزانہ ہونے والی 40لاکھ انڈوں کی سپلائی رک گئی جبکہ دو روز سے پھنسی گاڑیوں میں دس مویشی ہلاک ہوچکے ہیں،اسلام آباد اور پنجاب کے مختلف شہروں میں اجناس، سبزیوں ، پھلوں کی رسد بند ہونے سے سبزیوں کی قیمتیں آسمان پر پہنچ گئی ہیں،ٹماٹر کی ٹرپل اور پیاز کی ڈبل سنچری ہوچکی ہے ، لاہور میں مرغی کے گوشت کی قیمتوں میں بھی اضافہ کردیا گیا ،قیمت 15روپے کے اضافے سے 490 مقرر جبکہ مارکیٹ میں 500سے اوپر فروخت ہوتا رہا، ٹماٹر اڑھائی سو جبکہ مٹر تین سو روپے کلو ہو گئے ، سیب تین سو اور انار چھ سوروپے کلو فروخت ہوئے۔