شاہ محمود ودیگر کیخلاف فرد جرم کالعدم کرنے کی درخواستیں مسترد

 شاہ محمود ودیگر کیخلاف فرد جرم کالعدم کرنے کی درخواستیں مسترد

راولپنڈی،اسلام آباد ،لاہور(خبرنگار،اپنے نامہ نگار سے ،عدالتی رپورٹر )لاہور کی انسداد دہشت گری کی خصوصی عدالت نے نو مئی کو شیر پاؤ پل پر تقاریر اور جلاؤ گھیراؤ مقدمے میں۔۔۔

 پی ٹی آئی رہنماؤں شاہ محمود قریشی،ڈاکٹر یاسمین راشد،عمر سرفراز چیمہ، محمود الرشید،اعجاز چودھری ودیگر ملزموں کی فرد جرم کالعدم قرار دینے کی درخواستیں مسترد کردیں اورٹرائل میں گواہوں کو شہادت کے لئے آج طلب کر لیا۔جی ایچ کیو حملہ کیس میں بانی پی ٹی آئی سمیت 119 ملزموں پر فرد جرم عائد نہ ہو سکی، بانی کی لیگل ٹیم نے بریت کی درخواست دائرکرتے ہوئے عدالت کے دائرہ اختیار کو چیلنج کر دیا، عدالت نے عدم حاضری پرعلی امین گنڈاپور ،زرتاج گل ،راجہ بشارت ،بلال اعجاز اوراحمد چٹھہ سمیت 47 ملزموں کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دئیے ، شاہ محمود کو پیشی کیلئے لاہور سے راولپنڈی لایا گیا۔ جی ایچ کیو گیٹ حملہ کیس کی اڈیالہ جیل میں انسداد دہشتگری عدالت کے جج امجد شاہ نے سماعت کی، 55 ملزم حاضر ہوئے ۔وکلا صفائی نے موقف اپنایا کہ مقدمہ میں دہشتگردی کی دفعہ کا اطلاق نہیں ہوتا اسے ختم کیاجائے جبکہ سماعت انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت دائرہ اختیار نہیں ،مقدمہ متعلقہ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت کو بھجوایا جائے ۔بریت درخواست میں موقف اختیار کیاگیاکہ جن تین ملزموں کے مبینہ بیان پر بانی پی ٹی آئی کو مقدمہ میں ملوث کیا گیا انہوں نے اس بیان کی عدالت میں تردید کرتے ہوئے بیان داخل کر دیا ہے جس سے انکے خلاف الزام ختم ہوگیا۔

عدالت نے جی ایچ کیوحملہ کیس کی سماعت 5دسمبرتک ملتوی کردی جبکہ وکلا صفائی کی درخواست پر سماعت آج ہوگی ، پولیس وائس چیئرمین پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی کو لے کر واپس لاہور روانہ ہو گئی۔سماعت کے بعدبابرا عوان نے میڈیا سے گفتگو کرتے کہاجتنے بھی مقدمے بنالیں ، بانی پی ٹی آئی مائنس نہیں ہو گا،وہ ڈھیل مانگیں گے نہ ڈیل ،جس دن بانی پی ٹی آئی کہیں گے ، پارٹی پھر ڈی چوک پہنچے گی،جب دہشتگردی کی دفعہ نہ بنتی ہو تو کیس چھوٹی عدالت میں جائے گا۔ 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس میں عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی آئندہ سماعت پر ہر صورت پیشی کا بیان حلفی جمع کروا دیا گیا جسے عدالت نے منظور کرلیا۔ نیب کورٹ میں بشریٰ کی حاضری سے استثنا کی درخواست بھی دائر کی گئی ،عدالت نے بشری بی بی کے ناقابل ضمانت وارنٹ برقرار رکھتے ہوئے ضمانتی کو دوبارہ نوٹس جاری کر دئیے اور سماعت 5دسمبر تک ملتوی کر دی۔ انسداد دہشتگری عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے سپریم کورٹ کے باہر احتجاج پر درج مقدمہ میں وکلا لطیف کھوسہ،سلمان اکرم راجہ اور دیگر کی عبوری ضمانت میں18دسمبرتک توسیع کردی۔انسداد دہشت گردی عدالت میں مغلپورہ اور جناح ہاؤس کے قریب پولیس کی گاڑیاں جلانے کے 2 مقدمات میں ٹرائل کی کارروائی 9 دسمبر تک ملتوی کردی گئی جبکہ عدالت نے پی ٹی آئی رہنما غلام محی الدین کی3مقدمات میں 7دسمبر تک عبوری ضمانت منظور کرلی ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں