تحریک انصاف نے 5رکنی مذاکراتی کمیٹی بنادی

تحریک انصاف نے 5رکنی مذاکراتی کمیٹی بنادی

اسلام آباد (خصوصی نیوز رپورٹر)تحریک انصاف کے بانی وسابق وزیراعظم عمران خان نے عوام کے نام اپنے پیغام میں کہاہے کہ میں دو نکات پر پانچ رکنی مذاکراتی کمیٹی تشکیل دے رہا ہوں۔

 انڈر ٹرائل سیاسی قیدیوں کی رہائی ،9 مئی اور 26 نومبر کے واقعات کی شفاف تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن کا قیام،ہماری مذاکراتی کمیٹی عمر ایوب خان ، علی امین گنڈاپور، صاحبزادہ حامد رضا، سلمان اکرم راجہ اور اسد قیصر پر مشتمل ہو گی اور سٹیک ہولڈرز سے مذاکرات کرے گی اگر ان دو مطالبات کو نہ مانا گیا تو 14 دسمبر سے سول نافرمانی کی تحریک شروع کی جائیگی۔اس تحریک کے نتائج کی ذمہ داری حکومت پر ہو گی۔ بانی تحریک انصاف نے کہاکہ سول نافرمانی کے نتیجہ میں بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں سے اپیل کرینگے کہ وہ ترسیلات زرکو محدود کریں اور بائیکاٹ مہم چلائیں۔ اس تحریک کے دوسرے مرحلے میں اس سے آگے بھی جائیں گے ۔ان کا کہنا تھا ملک میں ڈکٹیٹر شپ قائم ہو چکی ہے ۔ ریاستی دہشت گردی کے نتیجے میں نہتے سیاسی کارکنوں پر گولیاں برسائی گئیں اور پُر امن سیاسی کارکنوں کو شہید کیا گیا ہے ۔ ہمارے سینکڑوں کارکن لا پتاہیں۔ سپریم کورٹ کو اب اس کا نوٹس لے کر اپنا آئینی کردار ادا کرنا چاہئے ۔عمران خان نے کہاکہ ہم تیرہ دسمبر کو پشاور میں شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لئے عظیم الشان اجتماع منعقد کریں گے ۔ اس اجتماع میں اپوزیشن کی سیاسی جماعتوں کو شرکت کی دعوت دی جائیگی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں