کوئی وی پی این بلاک کیا نہ ہی کرینگے ، چیئرمین پی ٹی اے

کوئی وی پی این بلاک کیا نہ ہی کرینگے ، چیئرمین پی ٹی اے

اسلام آباد(نیوزرپورٹر،دنیانیوز) پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل (ر)حفیظ الرحمان نے کہا کہ کوئی وی پی این بلاک کیا اور نہ ہی کریں گے۔

پی ٹی اے کی سالانہ رپورٹ 2024 کی لانچنگ تقریب سے خطاب میں چیئرمین پی ٹی اے نے کہا کہ پہلے بھی کہا تھا ہم وی پی این بلاک کرسکتے ہیں لیکن ہم نہیں کریں گے اور آج تک کوئی وی پی این بلاک نہیں کیا گیا۔ وہ زمانہ نہیں کہ ہم آپ سے کچھ چھپائیں گے تو چھپ جائے گا، نیشنل سکیورٹی پر پوچھا جاتا ہے کہ انٹرنیٹ کیوں بند ہے تو ہمارے پاس جواب نہیں ہوتا۔چیئرمین پی ٹی اے کا کہنا تھا کہ نیشنل سکیورٹی سے متعلق سوالات پالیسی سازوں سے ہونے چاہئیں۔ معاشی چیلنجز کے باوجود ٹیلی کام سیکٹر گروتھ میں 17فیصد اضافہ ہوا ہے ، سائبر سکیورٹی کے حوالے سے پاکستان دنیا کے 40 ٹاپ ممالک میں شامل ہیں ۔ پی ٹی اے کے ڈائریکٹرز جنرل عامرشہزاد اور مکرم نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ موبائل نمبر پر بھی وی پی این رجسٹریشن کی اجازت دے دی ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ ملک میں رجسٹرڈ وی پی این کی تعداد 33ہزار سے تجاوز کر چکی ہے ۔عدالتی احکامات یا حکومتی ہدایات پر سروسز بلاک کرتے ہیں ۔جو وی پی این رجسٹرڈ ہو جاتا ہے اسے کسی قسم کی پرابلم نہیں آتی، فکس لائن پر ڈیٹا سروسز بند نہیں کرتے ۔ انہوں نے کہا کہ عام صارفین کیلئے وی پی این سروس فراہم کرنے والی کمپنیوں کو بھی رجسٹر کرنے جارہے ہیں ، قسطوں پر موبائل فونز فراہم کرنے کی پالیسی بھی جلد لائی جارہی ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں