حکومت مذاکرات میں سنجیدہ ہے تو ہم بھی تیار ہیں:اسد قیصر
![حکومت مذاکرات میں سنجیدہ ہے تو ہم بھی تیار ہیں:اسد قیصر](https://dunya.com.pk/news/2024/December/12-17-24/news_big_images/2448661_85816437.jpg)
پشاور (دنیا نیوز، نیوز ایجنسیاں) سابق سپیکر قومی اسمبلی اور پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر نے ایک بار پھر مذاکرات پر رضامندی کا اظہار کیا۔
پشاور میں نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے اسد قیصر نے کہا کہ ملک کی سیاسی اور امن وامان کی صورتحال پرجرگہ بلانے پرغورکررہے ہیں جس میں احتجاج سے متعلق آئندہ کے لائحہ عمل پر غور کیا جائے گا۔ دوسری جانب پی ٹی آئی ذرائع کا بتانا ہے کہ تحریک انصاف کے جرگے میں اپوزیشن پارٹیوں کے رہنماؤں اور قبائلی عمائدین کوبلایاجائے گا۔ پی ٹی آئی کے سینئر رہنما شوکت یوسفزئی نے مذاکرات کے معاملے پر حکومت کے رویے کو بچگانہ قرار دے دیا۔ایک ویڈیو بیان میں سینئر رہنما تحریک انصاف شوکت یوسفزئی کا کہنا تھا کہ اگر مذاکراتی کمیٹی نہ بنتی تو سول نافرمانی کی تحریک شروع ہو چکی ہوتی ، تحریک انصاف کی لیڈرشپ نے بانی سے درخواست کی کہ اتنا بڑا فیصلہ لینے سے پہلے حکومت سے مذاکرات کا موقع دیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ ہمیں امید تھی حکومت مذاکرات کی پیشکش کا مثبت جواب دے گی اور اپوزیشن کو انگیج کر لے گی لیکن بدقسمتی سے حکومت کا رویہ انتہائی بچگانہ ہے ، حکومت شاید سمجھ رہی ہے تحریک انصاف کمزور پڑ گئی ہے اس لیے مذاکرات کی باتیں ہو رہی ہیں لیکن حقیقت میں ایسا نہیں ۔پاکستان کا کوئی نقصان ہوگا تو اس کی تمام تر ذمہ داری حکومت پر عائد ہوگی۔