سپریم کورٹ:عدالتی اصلاحات کیلئے آن لائن فیڈ بیک فارم کا اجرا
اسلام آباد(کورٹ رپورٹر)سپریم کورٹ نے عدالتی اصلاحات کیلئے آن لائن فیڈبیک فارم کا اجرا کردیا۔ فیڈ بیک فارم سپریم کورٹ کی ویب سائٹ پر دستیاب ہے۔
سپریم کورٹ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق چیف جسٹس یحیی آفریدی کی زیر صدارت عدالتی اصلاحات سے متعلق اہم اجلاس ہوا، اجلاس میں نمائندہ سپریم کورٹ بار محمد اورنگزیب خان، رجسٹرار محمد سلیم خان، ترقیاتی ایکسپرٹ شیر شاہ اور دیگر افراد نے شرکت کی،اجلاس کا مقصد عدالتی اصلاحات، آئی ٹی انفراسٹرکچر میں پیش رفت، کیس مینجمنٹ، تربیتی پروگرام اور فیڈبیک میکانزم کے قیام کا جائزہ لینا تھا، چیف جسٹس یحیی آفریدی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا اصلاحات عدالتی نظام میں تبدیلی لانے کے لیے ہیں، یہ اصلاحات سپریم کورٹ سے لے کر ماتحت عدالتوں تک نافذ کی جائیں گی،چیف جسٹس نے عدالتی اصلاحات میں ججز، وکلا اور عوام کے تعاون اور شرکت کی اہمیت پر زور دیا۔ چیف جسٹس کو آن لائن فیڈبیک فارم، سٹیک ہولڈرز کی شرکت برائے عدالتی اصلاحات پر بریفنگ دی گئی، فیڈ بیک فارم اب سپریم کورٹ کی ویب سائٹ پر دستیاب ہے ، عوام سے خدمات کی بہتری اور شفافیت کے حوالے سے تجاویز طلب کی جا رہی ہیں۔ چیف جسٹس نے عدالتی اصلاحات کے تمام شعبوں میں ہونے والی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔ اجلاس کا اختتام ایک شفاف، مؤثر اور جامع عدالتی نظام کے قیام کے عزم کے ساتھ ہوا۔