قومی اسمبلی :ڈیجیٹل نیشن اورپاکستان لینڈ پورٹ اتھارٹی بلز پیش

قومی اسمبلی :ڈیجیٹل نیشن اورپاکستان لینڈ پورٹ اتھارٹی بلز پیش

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر، نامہ نگار)ڈیجیٹل نیشن پاکستان بل 2024 سمیت دو بل قومی اسمبلی میں پیش کر دیئے گئے۔ قومی اسمبلی میں وفاقی وزیر قانون، انصاف و پارلیمانی امور سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے پاکستان لینڈ پورٹ اتھارٹی کے قیام کیلئے احکام وضع کرنے کا بل پیش کیا۔

وزیر مملکت انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی مواصلات شزہ فاطمہ خواجہ نے پاکستان کو ایک ڈیجیٹل ملک میں ڈھال کر اسے ایک ڈیجیٹل معاشرے ، ڈیجیٹل معیشت اور ڈیجیٹل گورننس کے قابل بنانے کیلئے احکام وضع کرنے کا بل پیش کیا۔ قومی اسمبلی نے سانحہ اے پی ایس کی مذمتی قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی جس میں کہا گیا کہ دہشت گردی کے عفریت سے پاک ،پرامن ،خوشحال اور محفوظ پاکستان کیلئے حکومت، سیاسی جماعتیں و سول سوسائٹی مل کر کردار ادا کریں، قرارداد میں سکیورٹی فورسز، مسلح افواج ، ملک کی سلامتی اور خود مختاری کے تحفظ کیلئے لڑنے والوں کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا گیا ہے ۔ پیپلز پارٹی کے قادر پٹیل نے کہا کہ سانحہ اے پی ایس میں ملوث ملزموں کو واپس لا کر بسایا گیا۔ وزیراطلاعات عطا تارڑ نے کہا کہ پی ٹی آئی ڈی چوک واقعے پرجھوٹ بول رہی ہے ،تحریک انصاف لاشوں کی صحیح تعداد بتائے ۔پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے کہاکہ ڈی چوک میں لوگوں پر گولیاں برسائی گئیں، لوگوں نے کیا گناہ کیا تھا؟ اچکزئی نے کہا کہ ہمیں مجبور نہ کریں، ہمارے پاس اتنی طاقت ہے کہ اسمبلی میں کسی کو بولنے نہیں دیں گے ، انہوں نے کہاکہ عمران خان نے کوئی جرم نہیں کیا، عمران خان کو رہا کیا جائے ،ہم اس حکومت کے خاتمے کے لیے جلد ہی تحریک شروع کرنے جا رہے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں