سعودی عرب میں 10279پاکستانی قید ہیں: اسحاق ڈار
اسلام آباد (نامہ نگار،نیوزایجنسیاں )وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران بتایا کہ 10 ہزار 279 پاکستانی مختلف جرائم میں سعودی عرب میں قید ہیں۔ سعودی عرب نے معاہدے کے تحت 570 قیدیوں کی پاکستان منتقلی کے لیے رضامندی ظاہر کی ہے ۔
وزیرتوانائی سرداراویس احمدخان لغاری نے بتایا کہ جاری مالی سال کے پہلے پانچ ماہ میں گردشی قرضہ کی مدمیں 368ارب کے نقصان کوروکا گیا اور 12ارب کی بچت کو یقینی بنایاگیا، اپریل تک پاکستان خطے میں سستی بجلی فراہم کرنے والے ممالک میں سرفہرست ہوگا، ۔ ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کی نجکاری کیلئے 31جنوری تک شرائط پوری ہوجائیں گی، سلیب سسٹم پرنظرثانی کاکوئی ارادہ نہیں ، سلیب سسٹم کے ختم ہونے سے کم آمدنی والے طبقات پربوجھ میں اضافہ ہوگا۔انہوں نے کہاکہ کسٹمرکیئرکابجلی کی قیمت سے کوئی تعلق نہیں،اگلے ماہ سے نیپراکے ٹائم فریم کے مطابق ٹرانسفارمرکوٹھیک کرنے کانظام لاگوکرنے کی کوشش کریں گے ۔ اویس لغاری نے کہاکہ کسی بھی نیٹ میٹرمعاہدے پرنظرثانی نہیں کی جارہی۔ نئے کنکشن کیلئے نئی شرائط ہوں گی اوران کے ریٹ بھی کم ہوں گے ۔