چند ووٹوں کیلئے کسان کو قربان کرناملکی تباہی:شاہد خاقان

 چند ووٹوں کیلئے کسان کو قربان کرناملکی تباہی:شاہد خاقان

اسلام آباد(اپنے رپورٹرسے )عوام پاکستان پارٹی کے کنوینر شاہد خاقان عباسی نے حکومتی فیصلوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کا صدارتی آرڈیننس کے ذریعے پٹرولیم لیوی کا اپنی مرضی سے تعین کرناغیر قانونی عمل ہے۔

پورے ملک میں کسان سراپا احتجاج ہیں لیکن  ان کی کوئی شنوائی نہیں ہو رہی، کسان گندم اگاتا ہے تو ملک کو آٹا ملتا ہے ، اگر کسان ہی پریشان ہو گا تو سب متاثر ہوں گے ،کسان کی تباہی ملکی تباہی کے مترادف ہے ، چند ووٹوں کے لیے کسان کو قربان مت کریں،گندم کی ایسی قیمت مقرر کی جائے جس سے عوام اور کسان دونوں کو فائدہ ہو، عالمی منڈی میں کئی مرتبہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم ہوئیں مگر حکومت نے اس کا فائدہ عوام تک نہیں پہنچایا،پٹرول سے بچت نہ ہو تو کیا بلوچستان میں سڑکیں نہیں بن سکتیں؟نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں مفتاح اسماعیل و دیگر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہاکہ اگر حالات یہی رہے تو آئندہ برس ملک کو گندم درآمد کرنی پڑے گی، آج کسان کی 3 ہزار روپے فی من لاگت آ رہی ہے اور اسے اپنی پیداوار 2100 روپے میں بیچنے پر مجبور کیا جا رہا ہے ۔ اگر ملک کی منڈی کسان کے لیے سازگار نہیں، تو کم از کم اسے اپنی گندم برآمد کرنے کی اجازت دی جائے ،انہوں نے سوال اٹھایا کہ جب عالمی قیمتیں بڑھیں گی تو عوام پر بوجھ ضرور ڈالا جائے گا، مگر جب کمی آتی ہے تو کوئی ریلیف کیوں نہیں ملتا؟ ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں