مریم نواز کا دورہ راولپنڈی،تعمیراتی منصوبوں کا جائزہ،مزید 2انڈرپاس بنا نیکا اعلان

مریم نواز کا دورہ راولپنڈی،تعمیراتی منصوبوں کا جائزہ،مزید 2انڈرپاس بنا نیکا اعلان

لاہور ،راولپنڈی (اپنے نامہ نگار سے ،نیوز رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز راولپنڈی پہنچ گئیں اورترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا ، 2 مزید انڈرپاسزبنانے کا اعلان کر دیا ۔تفصیلات کے مطابق مریم نواز نے اپنے دورہ راولپنڈی میں جی پی او انڈر پاس اور محمد نوازشریف فلائی اوور پراجیکٹ کا دورہ کیا۔

انہوں نے ہاتھ ہلا کر پراجیکٹ پر کام کرنے والے مزدوروں کی گرم جوشی کا جواب دیا۔ وزیر اعلیٰ نے پراجیکٹ میں تعمیراتی معیار کو ہر صورت یقینی بنانے کی ہدایت کی اورروڈز کے اطراف میں دورویہ درخت لگانے کا حکم دیا۔ان کی ہدایت پر راولپنڈی کے مال روڈ کو سگنل فری بنانے کے لئے مزید دو انڈر پاسز بنائے جائیں گے ،جہاں سے روزانہ دو لاکھ گاڑیاں با آسانی گزرسکیں گی جبکہ اے ایف آئی سی اورسی ایم ایچ کے مریضوں کو سڑک عبور کرنے میں آسانی ہوگی۔ مال روڈ کو26کلو میٹر تک سگنل فری بنایا جائے گا۔ وزیراعلیٰ کو بریفنگ میں بتایاگیاکہ محمد نوازشریف فلائی اوور 2.3ارب اور انڈر پاس پراجیکٹ 4.38ارب روپے کی لاگت سے مکمل کیا جائے گا، محمد نوازشریف فلائی اوور کی تعمیر کا کام 85 فیصد اور انڈر پاس کی تعمیر 60فیصد تک مکمل ہوچکی ہے ۔

دریں اثنالاہور میں مریم نواز شریف سے ایتھوپیا کے سفیر ڈاکٹر جمال بیکر عبداللہ نے ملاقات کی، ملاقات میں زراعت، تعلیم، صحت، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور تجارتی شعبے میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ نے ایتھوپیا سے پاکستان ڈائریکٹ فلائٹ بحال ہونے پر مبارکباد دی۔ مریم نواز نے ورلڈ ایمیونائزیشن ویک پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ بیماریوں سے بچاؤ کا سب سے مو ثر ہتھیار احتیاط، آگاہی اور ویکسی نیشن ہے ۔ پنجاب کے ہر شہری، بالخصوص والدین سے اپیل ہے کہ وہ اپنے بچوں کو حفاظتی ٹیکے لازمی لگوائیں، ویکسین ہر بچے کی بنیادی ضرورت اور والدین کی ذمہ داری ہے ۔ پنجاب حکومت کی ایمیونائزیشن کیمپین ہر بچے ، ہر خاندان بلکہ پورے معاشرے کے محفوظ مستقبل کے لئے ہے ، پنجاب کو پولیو فری صوبہ بنانے کے لئے کوشاں ہیں،صحت مند بچہ ہی تعلیم یافتہ، باصلاحیت اور خود اعتماد شہری بن سکتا ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں