بھارت اب ایڈونچر کرنے سے پہلے 100 بار سوچے گا، محسن نقوی

لاہور(اے پی پی)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ شہدا قوم کے اصل ہیرو ہیں، بھارت کے خلاف کامیابی انہیں شہیدوں کے خون سے ملی۔۔۔
ہماری فوج نے دشمن کو ایسا سبق سکھایا کہ اب وہ پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرات نہیں کر سکتا، شہدا کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی،حکومت شہیدوں کے خاندانوں کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز ڈرون حملے میں شہید ہونے والے علی حیدر کی رہائش گاہ چونگی امر سدھو میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔وفاقی وزیر داخلہ نے کہاکہ پوری قوم نے فوج کے شانہ بشانہ دشمن کو دندان شکن جواب دیا،بھارت اب ایڈونچر کرنے سے پہلے سو بار سوچے گا۔قبل ازیں وفاقی وزیر داخلہ نے علی حیدر شہید کے والد محمد اسلم اور والدہ شمیم بی بی سے تعزیت کی اور شہیدکے درجات کی بلندی و مغفرت کیلئے فاتحہ خوانی کی۔