دن رات فکررہتی ہے کھانے پینے کی چیزیں مہنگی نہ ہو جائیں:مریم نواز
لاہور(دنیانیوز)وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے گزشتہ روز لاہور کے مختلف علاقوں کے اچانک دورے کئے ،انہوں نے مختلف ترقیاتی پراجیکٹس کے تعمیراتی معیار کا جائزہ لیا اورزیر تعمیر روڈز، سٹریٹس اور نکاسی آب کے پراجیکٹس کا معائنہ کیا۔
وزیراعلیٰ نے زیر تکمیل پراجیکٹس میں معیار کو یقینی بنانے کا حکم دیا اورلاہور ڈویلپمنٹ پلان کی بروقت تکمیل کی ہدایت کی ۔ مریم نواز نے شہریوں سے بات چیت کرتے ہوئے ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں دریافت کیا۔شہریوں نے لاہور ڈویلپمنٹ پلان کے آغاز پروزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا شکریہ ادا کیا۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف لاہور ڈویلپمنٹ پلان پراجیکٹ دیکھتے دیکھتے سبزی کی دکان پر پہنچ گئیں اورسبزیوں کے ریٹ پوچھے اورسرکاری نرخنامہ بھی چیک کیا۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ سارا دن مجھے فکر ہوتی ہے کہ عوام کے لئے کھانے پینے کی چیزیں مہنگی نہ ہو جائیں۔جیتے رہیں،خوش رہیں،وزیراعلی نے ننھے بچے کو پاس بلا کر اظہار شفقت کیا۔انہوں نے چوبرجی کے علاقے میں بازار کا دورہ کیا۔ ان کا لوگوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہناتھاکہ میں چاہتی تھی کہ خودجا کر دیکھوں کہ لاہور کے علاقوں کی گلیاں کیسی ہیں،کوئی خدمت میرے لائق ہو تو بتائیں ۔ایک شہری نے بتایا کہ کسی وزیراعلیٰ نے ہمارا یہاں کبھی حال تک نہیں پوچھا،آپ یہاں آنے والی پہلی وزیراعلیٰ ہیں ،40سال بعد ہماری گلی بنائی گئی،15دن پہلے کام شروع ہوا اور آج مکمل ہو چکی ہے ۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ میں گلیاں اور روڈز بنتے دیکھنا چاہتی تھی،اسی لئے خود آئی ہوں۔ دوسری طرف وزیراعلیٰ کی ہدایت پر پنجاب بھر کے سکولوں میں پاک فوج سے اظہار یکجہتی اور یوم تشکر منایا گیا۔ پنجاب کے تعلیمی ادارو ں میں آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی پر جشن کا سماں تھا۔طلبہ نے پاک فوج کے سربراہ کی تصاویر بھی اٹھا رکھی تھیں اورننھے بچوں نے یونیفارم پہن کر مارچ کیا۔ پاک فضائیہ کے جانبازوں کو خراج تحسین پیش کیا گیاجبکہ طلبہ نے افواج پاکستان کی جرات اور شجاعت کو سلام پیش کیا ،امن اور اپنے ہیروز کی سلامتی کیلئے دعائیں کیں ۔قصور کے طلبہ کی ریلی کی قیادت کرنے کے لئے صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات خود پہنچ گئے ۔طلبہ نے پاکستان زندہ باد اور پاک فوج زندہ باد کے نعرے لگائے ۔مصنوعی بارڈر پر مصنوعی جنگ کے رو ح پرور مناظر،موک فائرنگ،دشمن کو بری طرح پچھاڑ دیا۔ پتوکی کے گرلز سکول کی طالبات نے مارچ کیا اور نعرے لگا کر پاک فوج کو خراج تحسین پیش کیا۔ سکولوں میں جنگ کے علامتی سائرن بجائے گئے ،بچوں نے قومی ترانے اور نغمے پیش کئے ۔ آپریشن بنیان مرصوصکے حوالے سے پوسٹر اور ڈرائنگ کے مقابلے بھی ہوئے ۔ننھے بچوں نے پراثر نغمے اور نظمیں بھی پیش کیں۔