عمران خان سے تینوں بہنوں کی ملاقات،پیرول پر رہائی کی درخواست آج سماعت کے لیے مقرر

عمران خان سے تینوں بہنوں کی ملاقات،پیرول پر رہائی کی درخواست آج سماعت کے لیے مقرر

راولپنڈی ،اسلام آباد ، لاہور (خبر نگار، اپنے نامہ نگار سے ، کورٹ رپورٹر )بانی پی ٹی آئی عمران خان سے تینوں بہنوں کی ملاقات کرادی گئی جبکہ بانی پی ٹی آئی کی پیرول پر رہائی کی درخواست پر سماعت آج ہو گی ۔

 منگل کو ملاقات کے دن تینوں بہنوں کے ساتھ بیرسٹر گوہر اور وکلا بھی ملے ، علیمہ خان اپنی دیگر بہنوں ڈاکٹر عظمیٰ اور نورین نیازی کے ہمراہ آئیں تو گورکھ پور ناکے پر ان کو پولیس نے روک لیا، بعد میں جانے کی اجازت دیدی ۔وکلا میں بیرسٹر سلمان صفدر ، بیرسٹر ظہیر عباس اور بیرسٹر گوہر کو مرحلہ وار جانے کی اجازت دی گئی ۔ اڈیالہ جیل گیٹ پانچ پر عثمان ریاض گل ، نعیم حیدر پنجوتھا ، تابش فاروق ،نیاز اللہ نیازی ، نادیہ خٹک علی کو روک لیا گیا ، بشریٰ بی بی سے ان کی بھابی مہر النساء نے ملاقات کی ۔ بعد میں علیمہ خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہم نے بانی پی ٹی آئی کو بتایا کہ پاکستانی قوم کیسے جوش اور جذبے کے ساتھ نڈر تھی ، عمران خان نے کہا جنگ میں فوری ریسپانس بہت اہم ہوتا ہے ، مودی پاکستان سے بہت سخت نفرت کرتا ہے ، اس وقت مودی سخت غصے میں ہوگا، وہ انتقام لے گا آپ لوگوں نے الرٹ رہنا ہے ،مودی کبھی بھی انتقامی حملہ کر سکتا ہے فوج اور لوگوں نے جس طرح جواب دیا ہے ، سوشل میڈیا کی وار پاکستان نے جیتی ۔فالس فلیگ جیسے اقدامات مودی کرسکتا ہے ۔ انہوں نے کہا میرا فوکس تنظیم سازی اور تحریک پر ہے ، اگر جنید اکبر اے پی سی اور پارٹی اکٹھی چلاسکتے ہیں تو بے شک اے پی سی کی سیٹ رکھیں ، انہوں نے کہا جنید اکبر 100 فیصد فوکس تحریک پر رکھیں ،علیمہ خان نے کہا لاہور میں مودی کے خلاف مظاہرہ کرنے پر ہمارے خلاف مقدمہ درج کیا گیا،ججز کیس لگائیں تو آدھے گھنٹے میں عمران باہر آسکتے ہیں۔

بانی کی بہن نورین نیازی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہمیں افواج پاکستان سے کوئی مسئلہ نہیں۔بانی نے ہمیشہ کہا یہ میرا ملک میری فوج ہے ۔ ڈاکٹر عظمیٰ نے کہا مریم نواز اور نواز شریف کی ویڈیوز نکالیں پتہ چلے گا فوج کے خلاف کون بولا ہے ۔ادھر اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس خادم حسین سومرو نے علیمہ خان کا نام سفری پابندیوں کی فہرست سے نکالنے کا حکم دیتے ہوئے انہیں بیرون ملک سفر کی اجازت کیلئے ٹرائل کورٹ سے رجوع کرنے کی ہدایت کر دی، علیمہ خان نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہا بیس ماہ قبل میرا نام ای سی ایل میں شامل ہوا تھا،اب دیکھتے ہیں فیصلے پر عملدرآمد ہوتا ہے یا نہیں۔ادھر اسلام آباد ہائی کورٹ میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کی پیرول پر رہائی کیلئے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی دائر درخواست اعتراضات کے ساتھ آج سماعت کیلئے مقرر کردی گئی۔ قائم مقام چیف جسٹس سرفراز ڈوگر درخواست پر سماعت کریں گے ۔خیال رہے درخواست میں ملک کے موجودہ حالات کے پیشِ نظر بانی پی ٹی آئی کو پیرول پررہا کرنے کی استدعا کی گئی ہے ۔دوسری طرف لاہور ہائیکورٹ میں وزیر اعظم شہباز شریف کے بانی پی ٹی آئی کے خلاف 10 ارب ہرجانہ کیس کے دعوے کی کارروائی رکوانے کیلئے دائر درخواست خارج کردی گئی ۔جسٹس چودھری محمد اقبال نے بانی پی ٹی آئی کی درخواست پر سماعت کی، بانی پی ٹی آئی کی طرف سے سینئر قانون دان میاں محمد حسین پیش ہوئے ،درخواست میں سیشن جج کے دائرہ اختیار کو چیلنج کیا گیا ، عدالت میں یہ موقف اپنایا گیا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے دس ارب روپے ہرجانے کا دعویٰ دائر کیا ، وکیل نے بتایاکہ ہتک عزت قانون کے تحت سماعت کا اختیار صرف ڈسٹرکٹ جج کو ہے ،استدعاہے لاہور ہائیکورٹ کیس کی ایڈیشنل ڈسٹرکٹ جج کے روبرو ٹرائل کی تمام کارروائی کالعدم قرار دے ،عدالت نے فیصلہ سناتے ہوئے بانی پی ٹی آئی کی درخواست خارج کردی ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں