پنجاب میں سب سے بڑی موسمیاتی رصدگاہ کے قیام کی منظوری

پنجاب میں سب سے بڑی موسمیاتی رصدگاہ کے قیام کی منظوری

لاہور(کامرس رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پنجاب میں خطے کی سب سے بڑی کلائمیٹ آبزرویٹری (موسمیاتی رصدگاہ) سمیت جدید سائنسی مرکز کے قیام کی منظوری دے دی، جدید سائنسی مرکز سے موسمیاتی تبدیلیوں سے متعلق بروقت معلومات حاصل ہوں گی اور پالیسی سازی میں سائنسی معاونت فراہم کی جاسکے گی۔

اس منصوبے کے حوالے سے سینئر وزیر مریم اورنگزیب کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں آبزرویٹری کے قیام، بجٹ، آلات اور زمین کی فراہمی سے متعلق پلان کی منظوری دی گئی، اجلاس میں یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور کی جانب سے پیش کی گئی رپورٹ کا جائزہ بھی لیا گیا۔اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ کلائمیٹ آبزرویٹری پنجاب پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ ہاؤس میں قائم کی جائے گی جبکہ اس کا مرکزی ڈھانچہ ای آئی سی ٹی میں تعمیر کیا جائے گا، جدید خودکار کمیونیکیشن اور لنکج سسٹم نصب کیا جائے گا جبکہ جی آئی ایس لیب، سیکٹورل انٹرفیس سسٹم اور جدید ڈیٹا ہب بھی قائم کئے جائیں گے ، ایم آر آئی سسٹم کے ذریعے موسمیاتی معلومات کا تجزیہ کیا جائے گا۔ماحولیاتی ماہرین کی تیاری کیلئے ایک انٹرن شپ پروگرام کا بھی آغاز کیا جائے گا جس کے تحت مختلف شعبہ جات میں ماہر افراد کو تربیت دی جائے گی۔ مریم اورنگزیب نے سمارٹ آرگینوگرام کی تشکیل کی بھی ہدایت جاری کی،اجلاس میں ڈیٹا آرکائیو سسٹم، کوآرڈینیشن یونٹ اور انٹرنیشنل کمیونیکیشن سیل کے قیام کی منظوری بھی دی گئی ۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیراعلیٰ نے ماحولیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کیلئے ایک جامع اور مربوط پلان دیا ہے، ان کے مطابق کلائمیٹ آبزرویٹری کا قیام ماحولیاتی تحفظ کی جانب ایک انقلابی قدم ہے جس سے سائنسی تحقیق کو فروغ ملے گا اور بین الاقوامی سطح پر معلومات کے تبادلے میں مدد حاصل ہو گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں