بجلی بلوں میں سرچارج بڑھانے کیلئے نیپرا ایکٹ میں ترمیم ہوگی
اسلام آباد ( ذیشان یوسفزئی) بجٹ میں بجلی صارفین پر سرچارج عائد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاہم یہ سرچارج پہلے سے بجلی بلوں میں عائد تھا اور یہ دس فیصد تک تھا۔
پاور ڈویژن کے اعلیٰ عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی بنیاد پر روزنامہ دنیا کو بتایا ہے کہ حکومت کا منصوبہ ہے کہ اس میں اضافہ کیا جائے اور اس کو دس فیصد سے بڑھایا جائے ۔ اس مقصد کے لیے حکومت کی جانب سے نیپرا ایکٹ میں ایک ترمیم تجویز کی جائے گی جس کے بعد حکومت کے پاس اس میں تبدیلی کا اختیار آجائے گا اور کیس ٹو کیس بنیاد پر مخصوص مدت کے لیے سرچارج بڑھایا جاسکے گا کیونکہ سرچارج کی وصولی پر دس فیصد کیپ عائد ہے ۔ نیپرا ایکٹ میں ترمیم کے ذریعے حکومت اس قابل ہوگی کہ اگر ضرورت پڑے تو اس میں اضافہ کیا جاسکے گا۔ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ حکومت نے اب تک کوئی فیصلہ نہیں کیا کہ اس میں اضافہ کیا جائے ۔ پہلے یہ سرچارج وصول کرنے سے گردشی قرضے پر سود کی ادائیگیوں کے لیے استعمال کیا جاتا تھا تاہم اب سے اس گردشی قرضے کو ختم کیا جائے گا۔ اعلیٰ عہدیدار نے مزید بتایا ہے کہ گردشی قرضے کو ختم کرنے کے لیے کمرشل بینکوں سے 1275 ارب روپیہ لیا جائے گا جو کہ چھ سالوں میں سود سمیت اس سرچارج کے ذریعے واپس کیا جائے گا۔ بینکوںسے قرضہ انتہائی کم شرح سود پر لیا جائے گا۔ یہ سرچارج بلوں میں 3 روپے 23 پیسے فی یونٹ وصول کیا جائے گا۔