پنجاب میں ہیٹ ویو کی لہر 20جون تک جاری رہے گی
لاہور،اسلام آباد(سٹاف رپورٹر،اپنے کامرس رپورٹر سے ،اپنے رپورٹر سے ،نیوزایجنسیاں)صوبہ پنجاب میں جاری ہیٹ ویو کی لہر نے ممکنہ طور پر 20 جون تک اپنی اننگ کھیلنے کی ٹھان لی،بہاولپور میں سخت گرمی نے 3افراد کی جان لے لی جبکہ لوڈ بڑھتے ہی لاہو رمیں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ معمول بن گئی ہے ۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب بھر میں ہیٹ ویو کی لہر جاری ہے اور 20جون تک اس میں کمی کی توقع نہیں ، آج ملک کے بالائی علاقوں میں ایک سسٹم کی آمد متوقع ہے لیکن پنجاب کے میدانی علاقوں پر اُس کے زیادہ اثرات مرتب ہونے کا امکان نہیں۔محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر عبدالعزیز نے روزنامہ دنیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ دورانیہ طویل ہونے سے گرمی کی شدت زیادہ محسوس ہونے لگی ہے جس کے نتیجے میں شہریوں کی قوت برداشت میں کمی آرہی ہے ۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق بہاولپور کے علاقوں باقر پور،مجیدآباد اور لاری اڈا میں 3افراد سخت گرمی کا شکار ہوکر دم توڑ گئے ،جن کی لاشیں بہاول وکٹوریہ ہسپتال منتقل کر دی گئیں۔دوسری طرف لاہور کی شدید گرمی میں بجلی کی طلب میں مسلسل اضافہ ہورہاہے ،لیسکو کے ڈسٹری بیوشن سسٹم پر لوڈ بڑھتے ہی ٹرانسفارمر جلنے اور دیگر تکنیکی خرابیوں کے باعث مختلف علاقوں میں گھنٹوں بجلی بند رہنا معمول بن چکاہے ۔لیسکو ریجن میں شدید گرم موسم میں روزانہ کی بنیاد پر اوسط 100 سے زائد ٹرانسفارمر خراب ہورہے ہیں ، لیسکو کا عملہ بیشتر ٹرانسفارمر اپنے طور پر پرائیویٹ مکینک سے ٹھیک کروا رہا ہے ، لیسکو سٹاف کی شدید کمی کے باعث شکایات کا بروقت ازالہ بھی ممکن نہیں رہا،لیسکو کی بجلی کی طلب دن کے اوقات میں 3500 میگاواٹ سے تجاوز کر گئی جبکہ رات کے اوقات میں طلب 4500 سے 5 ہزار میگاواٹ تک پہنچ جاتی ہے ۔ محکمہ موسمیات نے اسلام آباد سمیت مختلف علاقوں میں آئندہ 24گھنٹوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کر دی جبکہ پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم شدید گرم اور خشک رہنے کی توقع ہے ، پنجاب کے میدانی علاقوں میں گرد آلود ہوائیں چلنے کا بھی امکان ہے ۔ سبی میں گزشتہ روز سب سے زیادہ درجہ حرارت 48 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیاگیا۔ سندھ اور بلوچستان میں 13 سے 18 جون تک موسم شدید گرم رہنے کا امکان ہے ۔