ایران میں پھنسے 107 پاکستانی خصوصی پرواز پر وطن پہنچ گئے

ایران میں پھنسے 107 پاکستانی خصوصی پرواز پر وطن پہنچ گئے

راولپنڈی، اسلام آباد (نیوز ایجنسیاں) ایران اسرائیل جنگ میں ایران میں پھنسے 107 پاکستانی وطن پہنچ گئے، حکومت کی ہدایت پر خصوصی پرواز کے ذریعے ہم وطنوں کو واپس لایا گیا۔

ایران میں پھنسے ہم وطنوں کو پی آئی اے کی پہلی خصوصی پرواز اشک آباد سے لے کر اسلام آباد پہنچی، پی کے 9552 کے ذریعے ایران میں پھنسے 107 مسافر بدھ کی صبح 3 بجے بحفاظت وطن پہنچ گئے ۔ ایرانی فضائی حدود کی بندش کے باعث پاکستانی شہری ایران سے زمینی راستے ترکمانستان کے شہر اشک آباد پہنچے ، اس دوران ایران اور ترکمانستان میں پاکستانی سفارتخانوں نے کلیدی کردار ادا کیا۔ ادھر نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ایران اور عراق میں پھنسے پاکستانی شہریوں/زائرین کے جاری انخلا کا جائزہ لیا، اجلاس میں سیکرٹری خارجہ اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی اور اب تک کی پیشرفت اور انخلاکے منصوبوں کے بارے میں بتایا۔ نائب وزیراعظم نے کہا دفتر خارجہ دیگر محکموں سے مل کر پاکستانیوں کی وطن واپسی تیز اور انہیں ہر طرح مدد فراہم کرے جو ابھی ایران اور عراق میں موجود ہیں۔ انہوں نے پی آئی اے کو ہدایت کی کہ انخلاکے منصوبوں پر عملدرآمد کیلئے وزارت خارجہ کے ساتھ قریبی رابطہ قائم کرے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں