عمران خان کیلئے ریلیف عدالتوں سے لیں گے :بیرسٹر گوہر
اسلام آباد (دنیا نیوز،نیوز ایجنسیاں ) چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا کہ عمران خان کی رہائی کے متعلق ریلیف عدالتوں سے لیں گے ۔وفاقی دارالحکومت میں دنیا نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا تھا کوئی ڈیل نہیں کروں گا۔
ڈیل کا کوئی جواز اور امکان نہیں ، عمران خان یا تحریک انصاف نے کبھی کسی ملک سے تعاون کی التماس نہیں کی۔انہوں نے کہا کہ جو ریلیف ملے گا وہ آئین اور قانون کے مطابق عدالتوں سے لیا جائے گا، ہم نے کبھی بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے لئے نئی امریکی انتظامیہ سے امیدیں نہیں لگائیں۔ علاوہ ازیں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ایران معاملہ پر فوری طور پر عرب لیگ اور او آئی سی کا ہنگامی اجلاس بلا کر جنگ بندی کے لیے مشترکہ حکمت عملی مرتب کی جائے ۔اسرائیل اکیلا حملہ نہیں کر سکتا، اسے امریکا کی طرف سے اشارہ ملا ہے ۔ عمر ایوب نے کہا کہ ایران پر حملہ دراصل ایک دہشتگردانہ حملہ ہے جس میں ایران کی لیڈر شپ کو نشانہ بنایا گیا۔