آندھی، بارش، پنجاب میں 8 افراد جاں بحق، بجلی گھنٹوں بند

آندھی، بارش، پنجاب میں 8 افراد جاں بحق، بجلی گھنٹوں بند

لاہور(کرائم رپورٹر، اپنے کامرس رپورٹر سے، نمائندگان ،نیوزایجنسیاں)پنجاب کے مختلف شہروں میں طوفان بادوباراں کے دوران چھتیں گرنے، کرنٹ لگنے اور سائن بورڈ گرنے سمیت دیگر واقعات میں خواتین اوربچوں سمیت 8 افراد جاں بحق اور 27 زخمی ہو گئے جبکہ فیڈر ٹرپ کرجانے سے بجلی گھنٹوں بندرہی۔

تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے شیراکوٹ بند روڈ پر بارش کے دوران اپنی اہلیہ اور کمسن بچے کے ساتھ موٹرسائیکل پر جانے والا شخص 45سالہ شاہد بل بورڈ تلے دب کر جاں بحق ہوگیا،اہلیہ جمیلہ اور اسکا بچہ زخمی ہوئے ۔احمد ٹاؤن شریف پورہ میں مٹی اورلکڑی کی بنی ہوئی چھت شدید بارش کے باعث گرگئی جس سے شیرخوار7ماہ کی علینا اور 25سالہ خاتون عظمیٰ جاں بحق ہوگئیں جبکہ 45سالہ محمود زخمی ہوگیا۔ بندروڈ لاہور کے علاقے کٹار میں دیوار گرنے سے 25سالہ نوجوان شکیل زندگی کی بازی ہارگیا۔شاہدرہ میں موسلا دھار بارش کے باعث دیوار گرنے سے 3بچے اور متعدد جانور زخمی ہوگئے ،ایک بچی کی حالت ہسپتال میں تشویشناک ہے ۔ حضرت علی روڈ نین سکھ چوک پر دیوار گرنے سے ایک شخص زخمی ہو ا ۔پیکو روڈکے پائپ سٹاپ پر سر پر پتھر لگنے سے ایک شخص زخمی ہو گیا۔ انفنٹری روڈ دھرم پورہ میں دیوار گرنے سے ایک شخص زخمی ہوا۔تیزآندھی کے باعث کینال روڑ ،ماڈل ٹاؤن، سمن آباد اور دھرم پورہ پر درخت گر گئے جس سے ٹریفک سست روی کا شکار ہوگئی ۔گوجرانوالہ کی تحصیل نوشہرہ ورکاں کے نواحی گاؤں پھمہ سرا میں سرکاری نالے کی تعمیر کے دوران آسمانی بجلی گرنے سے ایک 25 سالہ نوجوان ابوہریرہ جاں بحق ہو گیا،متوفی محلہ اسلام پورہ قلعہ دیدار سنگھ کا رہائشی اورایک بچی کا باپ تھا۔

گوجرانوالہ کے بالے والی گاؤں میں 20سالہ زین کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہوگیا۔شیخوپورہ کے علاقے کوٹ عبدالمالک میں مالوبازار میں چھت اوردیوارگرنے سے 15سالہ راہگیر لڑکا ارسلان جان گنوا بیٹھا جبکہ خان پور میں دیوارگرنے سے کمسن ساحر چل بسا ۔ حافظ آباد روڈ پرچھاپہ مینارہ میں گھر کی چھت گرگئی ،2خواتین سمیرا اور شمشاد زخمی ہوگئیں۔لاہور روڈ پر سویٹ شاپ کا جہازی سائز فلیکس بورڈ گرنے سے 2افراد شدید زخمی ہوگئے ۔گوجرانوالہ کے تھانہ اروپ کے علاقے ملہی چوک نواں پنڈ میں بارش کے باعث محمد اسلم کے گھر لکڑی کی بوسیدہ چھت گرنے سے اس کی15سالہ بیٹی مناہل ملبے تلے دب کر زخمی ہو گئی ۔ کوٹ فتح باز خاں قصور میں گھرکی چھت گرنے سے 3افراد لیاقت علی، جمیلہ بی بی اوربشریٰ بی بی زخمی ہوگئے ۔ تیز آندھی اور بارش کے باعث لیسکو کے درجنوں فیڈرز بند ہوگئے ،درخت اور سائن بورڈ گرنے سے الیون کے وی فیڈرز پر بریک ڈاؤن کی بھرمار رہی ، ٹرانسفارمر جلنے اور دیگر تکنیکی خرابیوں کے باعث متعدد علاقوں میں گھنٹوں بجلی بندر ہی ، کئی جگہ اب بھی بجلی بحالی کاکام جاری ہے ۔لیسکو ذرائع کے مطابق 25 فیڈرز سے تاحال بجلی کی سپلائی بحال نہیں ہوسکی ہے ۔دوسری طرف بلوچستان اور سندھ میں بارشوں سے حادثات کے باعث 9افراد چل بسے ۔صوبہ بلوچستان کے ضلع زیارت کے علاقے منہ زڑگی ڈیم میں تین لڑکیاں پانی میں ڈوب گئیں، دو لڑکیوں16 سالہ بی بی عقیدہ اور 26 سالہ بی بی نجمہ کو زندہ نکال لیاگیاجبکہ 22سالہ بی بی روبینہ ڈوب کر جاں بحق ہوگئی جس کی لاش بھی مل گئی ہے ۔

بارش کے باعث ژوب، موسیٰ خیل اور ہرنائی میں سیلابی ریلے آئے جن کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق ہو گئے ۔ تورغر کے علاقے بلیانی اکازئی میں رحمت بلال اور انور رفیق دریا میں نہاتے تند و تیز موجوں کی لپیٹ میں آکر ڈوب گئے ،دونوں کی لاشیں نکال لی گئیں ۔صوبہ سندھ کے شہر جامشورو میں دریائے سندھ میں نہاتے ہوئے دو نوجوان ڈوب گئے جن میں سے ایک نوجوان جاں بحق ہوگیااور دوسرے کی تلاش جاری ہے ۔مرنیوالے کی راؤ سولنگی اور لاپتہ کی رحمن سولنگی کے نام سے شناخت ہوئی ہے ۔دونوں جامشورو میں جنازے میں شرکت کیلئے آئے تھے اوردریا میں نہاتے ہوئے تیز لہروں کی نذر ہو گئے ۔نیشنل ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹی نے ملک بھر میں آج سے 5 جولائی تک شدید بارشوں کی پیش گوئی کے پیش نظر سیلاب اور اربن فلڈنگ کا الرٹ جاری کردیا ۔ این ڈی ایم اے نے عوام سے اپیل کی کہ ندی نالوں کو عبور کرنے سے گریز کریں اور کمزور انفراسٹرکچر ، درختوں اور بجلی کے کھمبوں سے دور رہیں جبکہ سیاح موسمی حالات سے واقف رہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں