کچھ لوگ ادھر حساب دینگے اور کچھ خدا کے سامنے : شبلی فراز

کچھ لوگ ادھر حساب دینگے اور کچھ خدا کے سامنے : شبلی فراز

ہری پور، اسلام آباد(آئی این پی)پی ٹی آئی رہنما سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ ڈیجیٹل ایج میں ہر ایک چیز ریکارڈ ہو رہی ہے، کچھ لوگ ادھر حساب دیں گے اور کچھ آگے خدا کے سامنے حساب دیں گے۔

قومی اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا ہے کہ مخصوص نشستیں ہم سے لی گئیں، عدلیہ کا یہ اقدام سیاہ الفاظ میں لکھا جائے گا، خیبر پختونخوا کا بجٹ عمران خان کی منظوری کے بعد پاس ہوا، صوبائی حکومت بجٹ پاس نہ کرتی تو و فاقی حکومت آرٹیکل 235 کے تحت فنانشل ایمرجنسی لگا دیتی۔ہری پور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمر ایوب نے کہا کہ سوات سانحہ افسوس ناک ہے اس پر صوبائی حکومت کی جانب سے پوری ضلعی انتظامیہ سمیت دیگر اداروں کے افسران کے خلاف کارروائیاں کی گئیں ہیں، ان کو ہٹا دیا گیا ۔اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ مون سون کے اس موسم میں سیاحوں کو بھی احتیاط کرنی چاہیے ، کسی ایسے علاقے یا ایسے مقام پر نہ جائیں، جہاں سے کسی بھی وقت سیلابی ریلوں کی آمد کے خطرات ہوں۔انہوں نے کہا کہ مخصوص نشستیں ہم سے لی گئیں، ہمارے وکلا کے ساتھ انتہائی ہتک آمیز رویہ رکھا گیا، یہ سارا ایک ایجنڈا ہے ، جس پر کام کیا جارہا ہے ، یہ ہائبرڈ رجیم ہے ہم کسی صورت بانی پی ٹی آئی سے نہیں ہٹیں گے ، ہم مکمل طور پر بانی پی ٹی آئی کے ساتھ اسی طرح موجود ہیں اور موجود رہیں گے ، ان کے تمام حربے ناکام ہوتے رہیں گے ۔پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر کی پریس کانفرنس پر کبھی رائے نہیں دیتا، فوج کا سیاست میں کوئی عمل دخل نہیں ہونا چاہیے ۔ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ہم تو پہلے بھی کہہ چکے ہیں اسٹیبلشمنٹ سے مذاکرات نہیں ہو رہے ، آج بھی کہہ رہے ہیں نہ ہی فرنٹ اور نہ ہی بیک ڈور پر رابطہ ہو رہا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں