وزیر داخلہ کا ہر رکن پارلیمنٹ کو ممنوعہ بور لائسنس دینے کا اعلان
اسلام آباد(این این آئی)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ ہر پارلیمنٹیرین کو ممنوعہ بور کا ایک لائسنس دیا جائے گا۔منگل کو سینیٹ کی قائمہ کمیٹی داخلہ کا اجلاس سینیٹر فیصل سلیم کی زیر صدارت ہوا۔
اجلاس میں ڈی جی پاسپورٹ مصطفی جمال قاضی پرا رکان نے شدید اعتراضات کئے ،تاہم انہوں پاکستانی سٹیزن شپ بل 2025میں مجوزہ ترامیم پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ بیرون ملک شہریت ترک کرنے والوں کو دوبارہ پاکستانی شہریت لینے کی اجازت دی جا رہی ہے تاکہ وہ وطن میں کاروبار، سرمایہ کاری اور خیرات کے مواقع سے فائدہ اٹھا سکیں اور یہ لوگ ملک کے لئے اثاثہ بن سکتے ہیں۔اجلاس میں سینیٹر حاجی ہدایت اللہ نے ڈی جی پاسپورٹ کے مبینہ غیرذمہ دارانہ رویے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میرا فون نہیں سنتے اور اگر سنتے ہیں تو کام نہیں کرتے ،سینیٹر کے اعتراضات پر وفاقی وزیرداخلہ نے سیکر ٹر ی داخلہ کو ہدایت کی کہ وہ اس معاملے کو دیکھیں۔سینیٹر پلوشہ خان نے کہا کہ اراکین پارلیمنٹ کو اسلحہ لائسنس د ئیے جاتے تھے اب وہ بھی نہیں د ئیے جا رہے ہیں، ایک ایک لائسنس تو دیں، جس پر وزیر داخلہ نے اعلان کیا کہ تمام اراکین پارلیمنٹ کو ایک ایک لائسنس جاری کیا جائے گا ، جن علاقوں میں امن و امان کی صورت حال خراب ہے وہاں لائسنس کا کوٹہ بڑھایا جائے گا ،سینیٹر فوزیہ ارشد نے وفاقی دارالحکومت میں پانی کی قلت کا مسئلہ اٹھایا، جس پر وزیر داخلہ نے اعتراف کیا کہ راول ڈیم کی صورت حال تشویش ناک ہے ،وزیراعظم کی ہدایت پر ایک ٹاسک فورس تشکیل دی گئی ہے ، جو ہر 15دن بعد اجلاس کرے گی اور اسلام آباد میں پانی کے مسائل پر کام کرے گی ۔