مریم نواز کی کارکردگی خیبر پختونخوا حکومت سے بہتر قرار، مقبولیت میں بھی گنڈاپور سے آگے : گیلپ سروے رپورٹ

مریم نواز کی کارکردگی خیبر پختونخوا حکومت سے بہتر قرار، مقبولیت میں بھی گنڈاپور سے آگے : گیلپ سروے رپورٹ

پشاور،لاہور(سٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی کارکردگی کا جادو اب خیبر پختونخوا میں بھی سر چڑھ کر بولنے لگا۔ گیلپ پاکستان کے ایک حالیہ عوامی سروے میں خیبر پختونخوا کے عوام کی اکثریت نے نہ صرف اپنی صوبائی حکومت کی کارکردگی پر شدید مایوسی کا اظہار کیا بلکہ وزیراعلیٰ پنجاب کو بہتر اور زیادہ مقبول رہنما قرار دیا۔

عالمی طورپر مستند شدہ سروے میں شامل 3ہزار سے زائد افراد کی رائے کے مطابق 50 فیصد عوام نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی کارکردگی کو خیبر پختونخوا کی موجودہ حکومت سے بہتر قرار دیا۔ حیران کن طور پر ان میں 37 فیصد ووٹرز کا تعلق پاکستان تحریک انصاف سے تھا۔ سروے کے مطابق مریم نواز نہ صرف اپنی کارکردگی کی بنیاد پر بلکہ بطور رہنما بھی وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈا پور سے زیادہ مقبول ثابت ہوئیں۔سروے نتائج میں خیبر پختونخوا حکومت کے لیے تشویشناک اعداد و شمار سامنے آئے ۔ 62 فیصد عوام نے صوبائی حکومت کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کیا جبکہ صرف 38 فیصد افراد نے موجودہ حکومت کی حمایت کی۔ نصف سے زائد عوام نے کے پی حکومت کو کرپٹ قرار دیا اور 52 فیصد نے ترقیاتی فنڈز میں خورد برد اور بدعنوانی کا اعتراف کیا۔ مزید برآں 62 فیصد پی ٹی آئی ووٹرز نے کرپشن کی باقاعدہ تحقیقات کا مطالبہ کیا جب کہ 48 فیصد نے کرپشن میں اضافہ تسلیم کیا۔روزگار اور کاروباری مواقع کے فقدان پر بھی عوام میں شدید غم و غصہ پایا گیا۔ 67 فیصد افراد نے حکومت کو اس شعبے میں مکمل ناکام قرار دیا۔ اسی طرح 73 فیصد عوام کے مطابق سرکاری نوکریوں میں میرٹ کی بجائے ذاتی تعلقات کو ترجیح دی جا رہی ہے۔

ترقیاتی کام نہ ہونے پرخیبر پختونخوا میں پی ٹی آئی کے 49فیصد حامی بھی مایوس ہیں ،سکیورٹی صورت حال پر ملا جلا ردعمل سامنے آیا۔ 58 فیصد نے پولیس کی کارکردگی کو سراہا مگر 57 فیصد اب بھی دہشت گردی کے خطرات سے خوفزدہ ہیں۔ مجموعی طور پر صرف 58 فیصد لوگ سکیورٹی کی موجودہ صورتحال سے مطمئن نظر آئے ۔احتجاجی سیاست سے متعلق سوالات میں بھی عوام نے واضح پیغام دیا۔ 60 فیصد کے مطابق صوبائی حکومت نے ماضی میں احتجاج اور دھرنوں میں قیمتی وقت ضائع کیا۔ 53 فیصد نے آئندہ کسی بھی احتجاج میں شرکت سے انکار کیا، جبکہ صرف 40 فیصد افراد نے احتجاج میں شامل ہونے کی حمایت کی۔ مزید برآں، 85 فیصد عوام نے کے پی حکومت کو مشورہ دیا کہ وہ وفاقی حکومت کے ساتھ مل کر کام کرے تاکہ عوامی مسائل بہتر طریقے سے حل کیے جا سکیں۔سروے نتائج کے مطابق خیبر پختونخوا میں گورننس، معیشت، روزگار اور ترقیاتی کاموں کے حوالے سے عوام میں شدید بے چینی پائی جا رہی ہے، جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی مقبولیت اور انتظامی کارکردگی ملک کے دیگر صوبوں میں بھی پذیرائی حاصل کر رہی ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں