پختونخوا، گندم سکینڈل میں گرفتار دو افراد کی درخواست ضمانت خارج
پشاور (این این آئی) خیبر پختونخوا گندم سکینڈل میں گرفتار دو افراد کی ضمانت کی درخواستیں خارج کر دی گئیں۔ پشاور ہائی کورٹ میں گندم سکینڈل میں گرفتار سٹوریج آفیسر ارشد اور سابق ملازم طلحہ محمد کی ضمانت کی درخواستوں پر محفوظ فیصلہ سنا دیا گیا۔
جس کے تحت دونوں ملزمان کی درخواستیں مسترد کر دیں گئیں ۔ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل محمد انعام یوسفزئی کے مطابق ملزم ارشد اضاخیل میں سٹوریج آفیسر ہے جبکہ طلحہ محمد سابقہ ملازم ہے ۔ دونوں ملزمان گندم سکینڈل میں ملوث ہیں ، اضاخیل سٹوریج سے 1,730 میٹرک ٹن (تقریباً 3,300 بوریاں گندم غائب کی گئی تھیں ،انہوں نے بتایا کہ اینٹی کرپشن خیبر پختونخوا نے سکینڈل کی تحقیقات کرتے ہوئے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کیا اور انہیں حراست میں لیا۔ ملزمان کی ضمانت کی درخواستیں اینٹی کرپشن کورٹ نے بھی خارج کر دی تھیں۔ بعد ازاں پشاور ہائی کورٹ نے بھی ان کی درخواستیں مسترد کر دیں۔