راولپنڈی:گھریلو تنازعہ پر نوجوان نے باپ، دو بہنیں قتل، کمسن بھانجا زخمی کر دیا
راولپنڈی (خبر نگار، مانیٹرنگ ڈیسک) گھریلو تنازعہ پر سفاک ملزم نے باپ اور دو بہنیں قتل جبکہ کمسن بھانجہ شدید زخمی کر دیا، پولیس نے ملزم کو گرفتار کر کے آلہ قتل برآمد کرلیا۔
تھانہ صدر بیرونی راولپنڈی کے علاقے حبیب لین اڈیالہ روڈ پر نوجوان نے اپنی جواں سال ہمشیرہ آئی بی کی کانسٹیبل کو ذبح کر کے اس کے شیر خوار بچے کو شدید زخمی کردیا ، ملزم نے کچھ دیر قبل تھانہ چک شہزاد اسلام آباد کے علاقے ترامڑی میں اپنے والد اور ہمشیرہ کو قتل کیا اور پھر راولپنڈی پہنچ کر دوسری ہمشیرہ کو چھری سے ذبح کیا ۔ مقتول بھی آئی بی کا ریٹائرڈ انسپکٹر تھا۔ پیر کی دوپہر پولیس کو اطلاع ملی کہ ایک خاتون انجم زہرہ جو انٹیلی جنس بیورو اسلام آباد میں کانسٹیبل تعینات تھی کو قتل کر دیا گیا، ابتدائی اطلاعات کے مطابق اس کے بھائی علی نے حبیب لین میں اسے بے دردی سے ذبح کیا، ملزم نے اپنے 3 ماہ کے بھانجے سالار حمزہ پر بھی حملہ کیا ، انجم زہرہ موقع پر دم توڑ گئی ، شدید زخمی سالار حمزہ کو تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا۔ پولیس نے ملزم کو موقع سے گرفتار کر کے واردات میں استعمال ہونے والا آلہ قتل (چھری) بھی برآمد کر لیا۔