موجودہ کارکردگی سابق حکومت کے مقابلے میں بہتر:سروے
کراچی(سٹاف رپورٹر)گیلپ پاکستان کے تازہ ترین بزنس کانفیڈنس سروے میں انکشاف ہوا ہے کہ پاکستانی کاروباری برادری کا ملک کی ترقی کی سمت جانے پر اعتماد چار سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا اور حکومت کی موجودہ کارکردگی کو سابق حکومت کے مقابلے میں نمایاں طور پر بہتر قرار دیا گیا ہے۔
سروے کے مطابق توانائی اخراجات میں اضافے اور لوڈشیڈنگ کے مسائل کے باوجود اعتماد میں نمایاں بہتری ریکارڈ کی گئی۔ ملکی سمت کا سکور 2024 کی آخری سہ ماہی میں منفی 24 فیصد سے بہتر ہو کر رواں سروے میں منفی 2 فیصد پر آ گیا۔ ایک سال قبل 24 فیصد کاروباری اداروں نے حکومتی پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار کیا تھا، جو اس سال بڑھ کر 46 فیصد ہو گیا۔ مزید برآں، 61 فیصد شرکا نے موجودہ کاروباری آپریشنز کو "اچھا"یا "بہت اچھا" قرار دیا۔سروے کے مطابق خدمات اور تجارتی شعبوں میں واضح بہتری دیکھنے میں آئی، تاہم مینوفیکچرنگ سیکٹر میں بحالی کی رفتار نسبتاً سست رہی۔ کاروباری برادری کے اہم تحفظات میں مہنگائی سرفہرست رہی، جس کا ذکر 28 فیصد شرکا نے کیا جبکہ 11 فیصد نے یوٹیلٹی بلز کو بڑا مسئلہ قرار دیا۔لوڈشیڈنگ کے حوالے سے 47 فیصد شرکاء نے کہا کہ گزشتہ سال کے مقابلے میں اس مسئلے میں کمی آئی ہے، جبکہ رشوت ستانی کے واقعات بھی کم ہوئے ہیں،چھ ماہ میں یہ شرح 34 فیصد سے کم ہو کر 15 فیصد رہ گئی۔